مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عمران خان کا ویژن لیکر آگے بڑھیں گے،بیرسٹر سلطان

مڈلینڈ(نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری و پاکستانی اسلئے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں کیونکہ ہم ایک طرف مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشاں ہیں اور دوسری طرف کرپشن اور تعصب کی سیاست کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں۔بیرون ملک چونکہ میڈیا کی وجہ سے لوگوں میں شعور ہے اب جبکہ پی ٹی آئی کشمیر نے برطانیہ میں بھی ممبر شپ کا آغاز ہو چکا ہے اور ایسے لگتا ہے کہ برطانیہ کے کشمیری پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور عمران خان کے ویژن کو لے کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام مڈلینڈمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مڈلینڈ میں بھی پی ٹی آئی کشمیر کی رکنیت سازی کا آغاز کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب چونکہ مڈلینڈ میں بھی رکنیت سازی کا آغاز ہو گیا ہے اور برطانیہ میں 10  مئی کوپی ٹی آئی کشمیر کے انٹراپارٹی الیکشن ہو نگے اور اس میں تمام عہدیدار منتخب کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ آج  میں برسلز جا رہا ہوں وہاں پر یورپین پارلیمنٹ میں خطاب کے علاوہ میں یورپی یونین میں اعلی سطحی ملاقاتیں بھی کرونگا۔اسی طرح میں 22 مارچ کو جینوا میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرونگا اوراقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کے اعلی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرکے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور بھارت کی طرف سے آئے روز سئیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں پر مبذول کرائونگا۔