بیرسٹرکا بھارتی مظالم یورپی پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان
برسلز(نمائندہ خصوصی)مسئلہ کشمیرکے حل اوربھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بالخصوص سئیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ عنقریب یورپی پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔کیونکہ وہاں ایک سنگین صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ویسے بھی ستر سالوں میں یہ مسئلہ جوں کا توں ہے اگرچہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی موجود ہیں اور یورپی پارلیمنٹ میں بھی کشمیر پر قرار دادیں پاس کی گئیں تاہم اب یہ مسئلہ یورپی پارلیمنٹ میں پیش کرکے تمام پارٹیز کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی جائے۔اس بات کا فیصلہ برسلز میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چئیرمین مسٹراینڈرز وسٹیسن (Anders Vistisen)کے درمیان ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی تفصیلی ملاقات میں کیا گیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے چئیرمین اینڈرز وسٹیسن کو مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور سئیز فائر لائن پر بھارت کی طرف سے آئے روز خلاف ورزیوں پریورپی پارلیمنٹ کی توجہ مبذول کرانے کے لئے درخواست کی۔کیونکہ جسطرح بھارت کے جارحانہ عزائم ہیں اس سے خطے میں ایک بڑی جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔جو پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی پارلیمنٹ میں امور خارجہ کمیٹی کے سابق چئیرمین ایلمر بروک(Emor Broke) اور پاکستان کے گذشتہ انتخابات میں یورپی یونین کے آبزرور مشن کے سربراہ مسٹر مائیکل گیہلر(Maichael Gahler) اوردیگرممبران یورپی پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پرانہیںمقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور سئیز فائر لائن پر آئے روز بھارتی فائرنگ سے پیدا شدہ صورتحال پربریفنگ بھی دی۔اس موقع پریورپی پارلیمنٹ کے عہدیداروں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وعدہ کیا کہ وہ اس صورتحال کو یورپی پارلیمنٹ میں لاکر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کرائیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردارادا کرے۔***