شوبز انڈسٹری میں کامیابی کی ضمانت ڈگری نہیں آپ کی فنی صلاحیت ہوتی ہے:نوجوان ماڈل اریج خان کا چیف ایڈیٹر ’’اٹک نیوز ‘‘صدیق فخر کو انٹرویو
اسلام آباد(انٹرویو: صدیق فخر)فن کسی کا میراث نہیں ہوتا، اگر آپ ایک پراعتماد شخصیت کے مالک اور فنی صلاحیت موجود ہے تو کامیابی ضرور آپ کے قدم چومتی ہے۔ ہر شخص کے اندر کوئی نہ کوئی خاص صلاحیت ضرور ہوتی ہے جو اسے دوسروں سے ممتاز کر دیتی ہے، بس اس خاصیت کو اپنے اندر پرکھنا پڑتا ہے۔ ایسے ہی شوبز کی دنیا میں بھی آئے روز نئے چہرے سامنے آ رہے ہیں لیکن کامیاب وہی ہوتے ہیں جووقت کی قدر کیساتھ زندگی میں اصول پیدا کرتے ہیں۔ جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والی نوجوان ماڈل اریج خان بھی اپنے فن اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر ترقی کے زینے طے کر رہی ہیں۔ ہفت روزہ ”ادراک نو“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماڈلنگ اور اداکاری کا شوق بچپن سے ہی تھا، سکول اور کالج میں بھی غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتی رہی ہوں اور ہمیشہ ثابت قدم رہی۔ شوبز انڈسٹری میں کام کا آغاز فیشن شو سے کیا، جڑواں شہروں میں منعقد ہونے والے کئی فیشن شوز میں شرکت کر چکی ہوں۔ راولپنڈی/ اسلام آباد میں شوبز انڈسٹری وہ مقام حاصل نہ کر سکی جو اسے لاہور اور کراچی میں حاصل ہے۔ یہاں پر سینما گھر ویران ہوتے جا رہے ہیں۔ حکومتی سطح پر یہاں کے فنکاروں اور نئے ٹیلنٹ کیلئے کوئی پذیرائی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے کئی باصلاحیت نوجوان مناسب پلیٹ فارم نہ ملنے کی وجہ سے شوبز کے شعبہ سے کنارہ کشی اختیار کر لیتے ہیں۔ اپنی خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر شوبز انڈسٹری میں اپنا مقام بنانا چاہتی ہوں۔ شوبز انڈسٹری میں کامیابی کی ضمانت ڈگری نہیں آپ کی فنی صلاحیت ہوتی ہے۔ ٹیلنٹ اور فن کے بغیر سفارش سے آنے والے دو تین ماہ بعد گھر بیٹھے ہوتے ہیں۔ دوسروں کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیتی ہوں۔ شوبز انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار گروپ بندیاں اور مل کر کام نہ کرنا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ شوبز انڈسٹری میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ جو سینئرز کی قدر نہیں کرتے وہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کچھ عرصہ سے پاکستانی ڈراموں میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے اور اس میں سب سے اہم کردار نئے چہروں نے ادا کیا، ورنہ ہمارے ملک میں دوسرے ممالک کے ڈرامے دیکھنے کا رجحان روز بروز بڑھ رہا تھا۔ پاکستانی ڈرامے ہماری ثقافت کی پہچان ہوتے ہیں۔ ہم ڈراموں کے ذریعے لوگوں میں شعور اور مسائل بھی اجاگر کر سکتے ہیں۔ کوئی بھی ڈرامہ بننے سے پہلے اس بات کو ضرور مد نظر رکھنا چاہیے کہ اس سے ہماری نوجوان نسل کو اچھا سبق ملے۔ماڈل اور اداکاروں میں منیب بٹ،نادیہ خان ، صنم چوہدری پسندیدہ ہیں ۔ماڈلنگ میں مقام بنانے کے بعد اداکاری کی طرف بھی جانے کا ارادہ ہے۔