بابر کی سنچری، شنواری کے 5 شکار: پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز شکست دے دی۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے، بابر اعظم 115 اور فخر زمان 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شیہان جے سوریا 96 اور داسن شناکا 68 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 

پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 73 کے مجموعی اسکور پر اس وقت ہوا جب امام الحق 31 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 104 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری اور فخر زمان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حارث سہیل 40 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 11 ویں سنچری مکمل کی۔ 242 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز احمد 12 گیندوں پر 8 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی 115 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 105 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 32 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عماد وسیم 12 اور وہاب ریاض 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یوں پاکستان نے 7 وکٹوں پر 305 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ڈی سلوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی اننگز
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز دانشوکا گونا تھیلاکا اور سدیرا سمارا وکرما نے کیا۔ سری لنکا کو پہلا نقصان 18 کے مجموعی اسکور پر ہوا جبکہ 28 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ چھٹی وکٹ پر جے سوریا اور ایم ڈی شانکا کے درمیان 177 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم دونوں میچ فنش نہ کرسکے۔ 205 کے مجموعی اسکور پر جے سوریا 96 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 67 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 5، شاداب خان نے دو جبکہ وہاب ریاض، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ بدھ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔