پنڈی گھیب، موضع چکی،شادی شدہ لڑکی کی زہرخورانی،جاں بحق
لڑکی کے والد محمد سلیم نے اپنے داماد خرم ارسلان کو قتل میں ملزم نامزد کردیا، رپورٹ درج، تفتیش شروع
پنڈی گھیب :پنڈی گھیب کے نواحی گائوں موضع چکی میں 20 سالہ شادی شدہ لڑکی مبینہ طور پر زہر خوانی سے جاں بحق ہوگئی، لڑکی کے والد محمد سلیم نے اپنے داماد خرم ارسلان کو قتل میں ملزم نامزد کردیا، پولیس رپورٹ کے مطابق مدعی محمد سلیم ولد نورمحمد سکنہ چکی نے بتایا کہ اس کی 20سالہ بیٹی م ۔س کی شادی گزشتہ برس خرم ارسلان ولد امیر خان سے ہوئی ، میری ہمشیرہ نے گزشتہ روز مجھے اطلاع دی کہ سسرال والے م۔ س کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی لے گئے ہیں جس پر میں نے داماد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا موبائل فون مسلسل بند مل رہا تھا اسی اثناءمیں جب ہولی فیملی ہسپتال رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کوئی زہریلی چیز کھانے کی وجہ سے مریضہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے بچنے کے امکانات کم ہیں۔
اسی اثناءمیںگائوں کے دکاندار فیصل نے مجھے بتایا کہ ایک روز قبل ملزم خرم ارسلان اس سے گندم میں رکھنے والی گولیاں پوچھ رہا تھا لیکن میں نے اس کو نہیں دیں ۔جبکہ رات کو میرے بھائی محمد امین نے مجھے اطلاع دی کہ م۔س فوت ہوگئی ہے اور ملزم خرم ارسلان ہسپتال سے غائب ہوگیا ہے مدعی محمد سلیم نے کہا کہ دو روز قبل میری بیٹی اور داماد کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ہمیں بتانے کے رنج پر ملزم خرم ارسلان نے اسے زہریلی چیز کھلا کر ناحق قتل کر دیا ہے پولیس نے سول ہسپتال پنڈی گھیب سے پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاءکے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر دیا ہے۔