موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے،عمران خان
گھڑ ریس چھچھ کی قدیم ثقافت کا عکاس ہے کھیلوں میں جواء کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں، رہنما و ترجمان کور کمیٹی
حضرو (ڈیلی اٹک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ترجمان کور کمیٹی عمران خان نے کہا ہے کہ مادہ پرستی اور نفسا نفسی کے اس نازک اور پر فتن دور میں مثبت سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے نوجوان نسل کو غیر صحت مندانہ سرگرمیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کا انعقاد اور فروغ ناگزیر ہے ،موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے موئثر اقدامات اٹھا رہی ہے گھڑ ریس چھچھ کی قدیم ثقافت کا عکاس ہے کھیلوں میں جواء کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں بلکہ جواء نوجوان نسل کیلئے زہر قاتل ہے کامیاب گھڑ ریس کے انعقاد پر انتظامیہ شہزاد شاہ ،خرم ڈار ،فیصل خان ،معاویہ علیزئی اور چاند ڈار مبارک باد کے مستحق ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان گھڑ ریس کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر عمران خان ،شہزاد شاہ،حاجی عبدالودود اور خرم ڈار نے اپنے خطاب میں کامیاب اور پر امن آل پاکستان گھڑ ریس کے تاریخی انعقاد پر ترجمان پنجاب حکومت قاضی احمد اکبر خان کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ،عمران خان و دیگر نے کامیاب گھڑ ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے گھڑ مالکان چاند ڈار اور جعفر خان کو سی ڈی70موٹر سائیکل کی چابیاں بھی دیں اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں شائقین گھڑ ریس موجود تھے جبکہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ۔