یو ٹرن کے ماہر نے عوام کی چیخیں نکلوانے والا وعدہ سچ ثابت کر دکھایا ،قمر زمان کائرہ

 یو ٹرن کے ماہر نے عوام کی چیخیں نکلوانے والا وعدہ سچ ثابت کر دکھایا ،قمر زمان کائرہ

بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے،صوبائی صدر پیپلز پاٹری کا حسن ابدال میں جلسہ عام سے خطاب

حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)پیپلز پارٹی ہمیشہ سے بوٹوں کا مقابلہ کرتی آئی ہے۔راتوں رات قانون پاس کرانے والوں نے آرمی چیف کا ابھی تک نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا، قوم کو ان کی آئینی حیثیت کا بتایا جائے۔بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔2020 ء لاڈلے کا آخری سال ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور صوبائی صدر قمر زمان کائرہ نے حسن ابدال میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلو گاوں میں پیپلز لیبر بیورو کے زیر اھتمام ہونے والے جلسہ عام میں صوبائی جنرل سیکرٹری سید نذر حسین شاہ۔سابق وزیر مملکت سردار سلیم حیدر سمیت پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا خواب دیکھنے والی عوام آج مایوسی کا شکار ہو چکی ہے۔لاڈلے کو لانے والے سلیکٹر  آج خود پریشان دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو ٹرن کے ماہر نے عوام کی چیخیں نکلوانے والا وعدہ سچ ثابت کر دکھایا ہے اور آج مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عوام ذہنی مریض بن چکے ہین۔انہوں نے کہا کہ پیلز پارٹی کو ہمیشہ مشکل حالات میں حکومت ملی مگر اس کے باوجود ہمارے دور میں تاجر اور صنعت کار خوشحال تھا اور مزدور کی تنخواہوں میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج حکمران ڈگڈگی بچا کر صحت کارڈ اور احساس کارڈ جیسے منصوبوں پر ناچ رہے ہیں

 

 مگر یہ سب پیپلز پارٹی کے منصوبے تھے۔بے نظیر انکم کارڈ سے بے نظیر کی تصویر ہٹانے والے جان لیں کے ایسی حرکتوں سے عوام کے دلوں سے بینظیر اور بھٹو کو نکالا نہیں جا سکتا۔پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کا آج نام و نشان نہیں مگر بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ راتوں رات قانون بنانے والے آج تک آرمی چیف کی مدت ملازمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں کر سکے جس کی وجہ سے اس اہم ترین آئینی عہدے کو پوری دنیا میں مذاق بنا دیا گیا ہے۔قوم کو آرمی چیف کی موجودہ حیثیت کے بارے میں بتایا جائے۔حکومت جان بوجھ کر شرارت کر رہی اور اور آگ سے کھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت میں ہیں مگر ابھی تک انہیں خود بھی یقین نہیں آرہا یہی وجہ ہے کہ ان کی ناقص پالیسیوں سے ان کے اتحادی بھی نالاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت ملکی مفاد میں کی گئی تھی مگر حکومت نے ہماری تجاویز کو اہمیت نہیں دی جبکہ مسلم لیگ ں نے پہلے دن ہی ہاتھ کھڑے کر کے غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف بھرپور انداز میں مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور 2020 ء حکومت کا آخری سال ثابت ہو گا۔اس سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری پر حکومت پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی قیادت سے فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔جلسہ عام میں پہنچنے پر قمر زمان کائرہ اور دیگر پارٹی رہنماوں کا پروقار انداز میں استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ پارٹی جیالوں کی جانب سے نعرہ بازی اور پارٹی ترانوں پر رقص بھی کیا جاتا رہا۔