تاجردوست پالیسیوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھایا جا رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر

تاجردوست پالیسیوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھایا جا رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر

حسن ابدال(ڈیلی اٹک نیوز)تاجردوست پالیسیوں کے ذریعے ٹیکس نیٹ ورک کو بڑھایا جا رہا ہے۔این ٹی این مستقبل میں سب کی ضرورت ہے جس کے لیے تاجر ایف بی آر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر محمد جمشید خان نے مرکزی انجمن تاجراں اور ذیلی تنظیموں کے نمائندوں کو نئی ٹیکس پالیسیوں کے بارے میں بریفنگ دینے کے موقع پر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو اس ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس رجسٹریشن سسٹم کو آسان اور عوام دوست بنا دیا ہے۔این ٹی این نمبر مستقبل میں ہر کسی کی ضرورت بن جائے گا جس کے بغیر نا صرف کاروبار ممکن نہیں رہے گا بلکہ اس کے ذریعے حکومت کی جانب سے ریلیف بھی حاصل کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ صدر و جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں حسن ابدال کے ناموں کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا جا چکا ہے اور وہ تاجروں کے مسائل ایف بی آر کے افسران بالا کے ساتھ مل کر انہیں حل کریں گے جبکہ بازاروں میں سروے کے دوران بھی تاجر نمائندے ایف بی آر کے افسران کے ہمراہ موجود ہوں گے تاکہ کسی تاجر کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور اس حوالے سے ایف بی آر اہلکاروں کو بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کسی تاجر کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

اس موقع پر مرکزی انجمن تاجراں کے صدر چوہدری جمشید اختر اور دیگر تاجر نمائندوں نے ایف بی آر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہو گی۔قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہم حکومتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے اور حسن ابدال کے تاجر ٹیکس نیٹ ورک کا حصہ بن کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دے بھی رہے ہیں اور مزید بھی دینے کو تیار ہیں مگر ان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور بے جا کسی تاجر کو تنگ نہ کیا جائے۔