اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی

لاہور: پی ایس ایل فائیو کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 41 رنز پر گری جس میں شان مسعود 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ملتان کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں ذیشان اشرف نے 50 رنز، شاہد آفریدی 11، معین علی 10، خوشدل شاہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ روسو کوئی رن نہ بناسکے اور پویلین لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 164 رنز اسکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 165 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ بالنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالر عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 165 رنز کا ہدف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ لیونک رونکی نے 74، کولن منرو نے 50 اور ڈیوڈ میلان نے 35 رنز اسکور کیے۔ کھیل کے دوران بہترین کارکردگی پر لیوک رونکی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔