سونیا حسین ابھی اس قابل نہیں کہ میرے اسکرپٹ پر اداکاری کرسکیں، خلیل الرحمان قمر

راچی: پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ ڈرامے میں عائزہ خان کے کردار کے لیے سونیا حسین کبھی بھی میرا انتخاب نہیں تھیں۔

ڈراماسیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘نے پاکستان ڈراما انڈسٹری میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، تاہم جہاں اس ڈرامے نے بلندیوں کی نئی اونچائیوں کو چھوا ہے وہیں یہ اپنے ڈائیلاگز اور ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے خواتین سے متعلق بیانات کے باعث بھی تنازعات کی زد میں رہا۔

ڈرامے کے مرکزی کردار ’’مہوش‘‘ جسے عائزہ خان نے نبھایا تھا کو بھی شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی ملی تھی،  تاہم ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا تھا کہ عائزہ خان سے پہلے یہ کردار انہیں آفر ہواتھا لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا اور اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’مہوش‘‘کے کردار کے ذریعے خواتین کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، ہمارے معاشرے میں پہلے ہی عورتوں کی غلط تصویر پیش کی جاتی ہے اور میں خواتین کو برا نہیں دیکھ سکتی۔

حال ہی میں خلیل الرحمان قمر نے وسیم بادامی کے شو میں سونیا حسین کو ڈرامے کی آفر کرنے اور ان کی جانب سے انکار کرنے پر کھل کر گفتگو کی۔ خلیل الرحمان قمر نے بتایاکہ اس ڈرامے کے لیے سونیا حسین کبھی بھی میرا انتخاب نہیں تھیں اور نہ ہی میں نے انہیں ڈرامے کی پیشکش کی۔ سونیا حسین کو ہدایت کار ندیم بیگ اور ہمایوں سعید نے میرے علم میں لائے بغیر ڈراما آفر کیا۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا جب ڈراما ہٹ ہوگیا تو کوئی بھی اس کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے میں کہتاہوں کہ مجھے امریکا کا صدر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے منع کردیا اور کہا کہ ٹرمپ کو موقع دیں، کہنے کو تو کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ ابھی سونیا حسین اس قابلیت پر نہیں پہنچیں کہ میرااسکرپٹ کرسکیں۔

خلیل الرحمان قمر نے مزید بتایا کہ میری حال ہی میں سونیا حسین سے لاہور میں ملاقات ہوئی تھی میں نے ان سے پوچھا کیا آپ نے ’’میرے پاس تم ہو‘‘میں کام کرنے سے انکار کیاتھا؟ تو انہوں نے کہا کہ جب یہ ڈراما مجھے آفر کیا گیا تو اس میں ہمایوں سعید ہیرو ہی نہیں تھا اس لیے میں نے انکار کیا۔