پی ایس ایل 5: پشاور نے اسلام آباد کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 7 رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل 5: پشاور نے اسلام آباد کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 7 رنز سے ہرادیا

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 20 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کو اسلام آبادیونائیٹڈ نے جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا تاہم پشاور کی بیٹنگ کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ نافذ کیا گیا اور پشاور زلمی کو 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔ 

 

اسلام آباد کی اننگز
پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن لیوک رونکی 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ رضوان حسین بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کولن منرو اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے ففٹیز اسکور کیں۔کولن منرو 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان نے بھی 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے جب کہ پشاور کی جانب سے حسن علی نے 2، وہاب ریاض، براتھ ویٹ اور راحت علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور کی اننگز
پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا۔ امام الحق ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔64 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔پشاور زلمی نے 9 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔اُس وقت زلمی کو 11 اوورز میں جیت کیلئے 111 رنز درکار تھے اور ٹام بینٹن اور حیدر علی وکٹ پر موجود تھے تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے پہلے میچ 11 اوورز تک محدود کیا گیا اور پھر ڈک ورتھ لوئس سسٹم نافذ کیا گیا جس کے تحت پشاور زلمی 7 رنز سے فاتح ٹھہری۔اس میچ میں کامیابی کے بعد پشاور زلمی 8 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ملتان بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔اسلام آباد تیسرے، کراچی چوتھے، کوئٹہ پانچویں اور لاہور چھٹے نمبر پر ہے۔ پاکستان کے بیشتر بالائی علاقے ان دنوں بارش کی لپیٹ میں ہیں اور  گزشتہ روز لاہور میں بھی بارش کے باعث ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔ راولپنڈی میں بھی اس وقت موسم شدید سرد ہے اور گراؤنڈ میں پانی کی وجہ سے ٹاس میں بھی تاخیر ہوئی تھی۔