فتح جنگ، ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، خاتون جان کی بازی ہار گئی، لواحقین کا احتجاج

فتح جنگ، ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، خاتون جان کی بازی ہار گئی، لواحقین کا احتجاج

فتح جنگ ( ڈیلی اٹک نیوز) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے عمر رسیدہ امراض قلب کی مریضہ خاتون زیب النساء جان کی بازی ہار گئی 

 خاتون کی وفات کے بعد ورثاء کا ہسپتال میں شدید احتجاج ، جاں بحق ہونے والی خاتون کی بیٹی نے ہسپتال کا ریکارڈ پھاڑ کر پھینک دیا ، ای سی جی مشین توڑ دی ، موقع پر موجود پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ، رکن پنجاب اسمبلی سردار افتخار احمد خان فوری طور پر ہسپتال پہنچے اور فریقین کے درمیان انکوائری کی شرط پر صلح کرا دی ورثاء خاتون کو بغیر پوسٹ مارٹم کے گھر لے گئے ۔

 

ایگزیکٹو سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان نے خاتون کی ہسپتال میں ہلاکت پر چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی پیر کے روز ڈپٹی کمشنر اٹک اور سی ای او ہیلتھ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے تفصیلات کے مطابق فتح جنگ کی رہائشی عمر رسیدہ امراض قلب کی مریضہ زیب النساء کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ لایا گیا جہاں ہسپتال کے ڈاکٹر  نے انہیں انجکشن لگایا انجکشن کے بعد خاتون گھر چلی گئیں ان کی حالت غیر ہونے پر ان کے اہل خانہ انہیں دوبارہ ہسپتال لائے ورثاء نے الزام لگایا کہ خاتون زیب النساء نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی ڈاکٹر کی غفلت کے خلاف لواحقین نے لاش ہسپتال میں رکھ کر احتجاج کیا دوران احتجاج لواحقین نے ہسپتال میں توڑ پھوڑبھی کی واقعہ کی اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر کرم داد عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور متوفیہ کے اہل خانہ کو احتجاج سے روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کیاجس پر خاتون کے ورثاء مزید مشتعل ہو گئے اور ڈاکٹر فہد کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا اس موقع پر متوفیہ کی بیٹی نے ہسپتال کے عملہ پر تشدد کیا ، ریکارڈ پھاڑ دیا اور ای سی جی مشین سمیت دیگر سامان بھی توڑا اس دوران پولیس کسی طرح بھی خاتون کو روکنے میں ناکام نظر آئی واقعہ کی اطلاع ملنے پر رکن پنجاب اسمبلی سردار افتخار خان المعروف مٹھو خان تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ پہنچے اورفریقین کے درمیان انکوائری کی شرط پر صلح کرادی جاں بحق ہونے والی خاتون کے ورثاء متوفیہ کی لاش کو بغیر پوسٹ مارٹم کرائے گھر لے گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان نے ہسپتال میں خاتون ہلاکت کے واقعہ پر چاررکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے کنوینئر ڈی ایچ ڈی سی ہوں گے کمیٹی میں میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر ریاض احمد اورڈی ڈی ایچ او فتح جنگ بھی شامل ہیں کمیٹی 2 دن کے اندر واقعہ کی رپورٹ ڈی سی علی عنان قمر کو پیش کرے گی آج 9 مارچ بروز پیر ڈپٹی کمشنرعلی عنان قمر اور سی ای او ہیلتھ سہیل اعجاز اعوان تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ کا دورہ کر کے معاملات کا جائزہ لیں گے ۔