کورونا وائرس، ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا مشورہ

کورونا وائرس، ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا مشورہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز 2020کو ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ   ٹوکیو اولمپک 2020 کو ایک سال تک کے لیے ملتوی کردینا چاہیے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیمز دیکھنے سےزیادہ اولمپکس گیمز ملتوی ہونا بہتر ہے۔خیال رہے کہ امریکا اولمپک گیمز کا سب سے بڑا رکن ملک ہے اور امریکا سے سب سے زیادہ کھلاڑی اولمپکس میں شریک ہوتے ہیں۔

اولمپکس 2020 کا آغاز 24 جولائی سے جاپان میں ہونا ہے تاہم کورونا وائس کے خدشات کے پیش نظر اس کا وقت پر انعقاد مشکل نظر آرہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت تک 1 لاکھ 33 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیس سامنے آچکے ہیں جب کہ اس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 949 ہوگئی ہے۔جاپان میں کورونا وائرس کے کل 691 مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 19 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اولمپک گیمز ملتوی ہونے کا نہیں سوچ رہے، گورنر ٹوکیو
دوسری جانب ٹوکیو کے گورنر نے اولمپک گیمز کے ملتوی ہونے کے سوال پر کہا ہے کہ فی الحال ایسا نہیں سوچا جارہا تاہم عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا کو عالمی وبا قرار دیے جانے سے یہ ایونٹ متاثر ہوسکتا ہے۔گورنر ٹوکیو کا کہنا ہے کہ جاپانی حکومت اولمپکس کی میزبانی لیے اپنی تیاریاں جاری رکھے گی۔جاپان نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے بہت تیاریاں کررکھی ہیں اور نئے اسٹیڈیمز کی تیاریوں پر اربوں ڈالرز خرچ ہوچکے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق ایونٹ متاثر ہونے سے جاپان کو 75 ارب ڈالر نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

یونان میں اولمپکس کی مشعل روشن
کورونا وائرس کے خدشات کے باوجود یونان کے تاریخی شہر اولمپیا میں اولمپکس 2020 کی مشعل روشن کردی گئی۔کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تقریب میں شائقین کے شرکت پر پابندی تھی۔ مشعل 19مارچ کو ٹوکیو منتظمین کے حوالے کی جائے گی۔