پنڈیگھیب،کورونا وائرس سے2ہلاکتیں، مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی 

پنڈیگھیب،کورونا وائرس سے2ہلاکتیں، مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی 

پنڈی گھیب( تحصیل رپورٹر ڈیلی اٹک نیوز) کورونا وائرس سے تحصیل پنڈی گھیب کے2 افراد جان کی بازی ہارگئے،دونوں کی مکمل حفاظتی تدابیر کی ساتھ رات گئے تدفین کر دی گئی

تفصیلات کے مطابق پنڈی گھیب کے نواحی علاقے کسراں میں 55 سالہ شخص مبینہ طور پر کورونا وائرس کیوجہ سے جان کی بازی ہار گیا ، کسراں کا رہائشی 55 سالہ ظفر اقبال کمپلیکس ہسپتال اسلام آباد کے آپریشن تھیٹر میں فرائض سرانجام دیتا تھا جو دوران ڈیوٹی کورونا وائرس کا شکار ہوا ، ظفر اقبال 5 رمضان المبارک کو کورونا وائرس کیوجہ سے علیل ہو کر مذکورہ ہسپتال میں ہی ایڈمٹ ہوا جو 18 مئی کو وفات پا گیا ہے ، جنازے کی ادائیگی رات 10 بجے کسراں میں کرکے مقامی قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا ۔

 

جبکہ دوسری طرف مبینہ کورونا وائرس کیوجہ سے جاں بحق ہونے والی 76 سالہ خاتون  (م،ب) ساکن محلہ شمس چوک پنڈی گھیب کو مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، ریسکیو 1122 نے مکمل حفاظتی تدابیر کیساتھ میت کو مرکزی قبرستان پہنچایا جہاں پر خواجہ ٹینٹ سروس کے بالکل سامنے والی جگہ پر قبر کھودی گئی ، ریسکیو اہلکاران اور خاتون کے 5،6 قریب ترین عزیز واقارب نے نمازِ جنازہ ادا کی اور میت کو رات 11 بجے کے قریب  سپرد خاک کر دیا گیا ، اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد نے دور کھڑے ہو کر یہ افسوسناک مناظر دیکھے جو مسلسل توبہ استغفار کرتے رہے ، تدفین کے دوران پاک فوج اور پنجاب پولیس کے اہلکاران نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے ۔خاتون ہارٹ انٹرنیشنل ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج تھیں۔