حکومت کا تعلیمی ادارے جلد کھولنے کا اعلان خوش آئند،ملک ابرار حسین 

حکومت کا تعلیمی ادارے جلد کھولنے کا اعلان خوش آئند،ملک ابرار حسین 

اسلام آباد(ڈیلی اٹک نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تعلیمی ادارے جلد کھولنے کے حکومتی اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے 

جبکہ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کا کہنا ہے کہ ان کے جائز مطالبہ پر غور کرنے اور لاکھوں طلبا کا مستقبل محفوظ بنانے کے حالیہ حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے بیروزگار ہونے والے اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے دیئے جائیں تاکہ ایسے اساتذہ جن کا ذریعہ معاش تدریس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے گزشتہ روز بلائے گئے۔

اجلاس میں ملک بھر کے بند تعلیمی ادارے جلدکھولے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے جبکہ وزارت تعلیم کے مزکورہ فیصلے کو نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا ہے۔اس حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم پاکستان سے تعلیمی اداروں کی بندش کو ختم کرنے اور پانچ کروڑ کیقریب طلبا کا مستقبل محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ گزشتہ روز وزارت تعلیم کے تحت ہونے والے اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی بہت جلد مسائل حل کرنے اور کورونا کے باعث بند تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے

 

اس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ کورونا کے حوالے سے حکومت جو بھی ایس او پیز بنائے گی نجی تعلیمی ادارے اس پر من و عن عمل کریں گے تاکہ بچوں کا تعلیمی نقصان کم سے کم کیا جا سکے۔ ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران تعلیمی اداروں کی بندش سے اکثر سکولز مالی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں اور اساتزہ کو بھی تنخواہیں نہیں دی جا سکی ہیں اس لیے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کے لئے فوری ریلیف پیکج کا اعلان کرے جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے تمام اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے امدادی رقم بھی دی جائے تاکہ مسائل کا شکار سفید پوش طبقہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے۔