نجی تعلیمی ادارے حکومتی طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل کرینگے،ملک ابرار حسین 

 نجی تعلیمی ادارے حکومتی طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل کرینگے،ملک ابرار حسین 

وزارت تعلیم کی جانب سے ایس او پیز کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن

اسلام آباد (ڈیلی اٹک نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے وزارت تعلیم کی جانب سے ایس او پیز کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے بنائے گئے عالمی قوانین پر من و عن عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ مرکزی صدر ملک ابرار حسین کا کہنا ہے کہ دنیا میں سکول جانے والے بچے کورونا سے کم متاثر ہوئے ہیں جس سے توقع ہے کہ سکول کھولنے میں آسانی ہو گی اور بچوں کا قیمتی سال بھی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔ 

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مروجہ ایس او پیز پر عمل پیرا رہتے ہوئے کورونا وبا کے باعث بند کردہ تعلیمی ادارے کھولنے کا عندیہ دیا گیا ہے جس پر میڈیا کو جاری کردہ اپنے ردِعمل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے مزکورہ فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے حکومتی طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں گے اور حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے تاکہ بچوں کا قیمتی سال بچایا جا سکے۔

 

ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے سکول جانے کی عمر کے بچے دنیا بھر میں کورونا سے بہت کم متاثر ہوئے ہیں جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ سکول کھولنے سے کورونا میں اضافے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ وبا کھ دوران تعلیمی اداروں کی بندش سے ہزاروں اساتذہ بےروزگار ہو چکے ہیں اور سینکڑوں تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں اب بھی وقت ہے کہ حکومت معاملے کی سنگینی کے پیش نظر نجی تعلیمی اداروں کے لیےبیل آوٹ پیکج کا اعلان کرے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت کرے اور گیس بجلی کے بلز میں واضح رعایت فراہم کرے تاکہ نجی تعلیمی اداروں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔