حکومت الزام تراشیوں کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے ، محمد علی سابق چیئرمین یوسی دندی
پنڈیگھیب (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق یوسی چیئرمین دندی محمد علی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات آٹے اور چینی کے بحرانوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا سامنے نہ آنا حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
جب کہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ تھا جس میں پنشنرز اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا بھی سرا سر زیادتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے عوام کو جو سرسبز باغ دکھائے تھے ان میں سے ایک وعدے پر بھی عمل نہیں ہوا غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے منہ سے آئے روز مہنگائی میں اضافہ کر کے آخری نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے دوسری طرف کورونا کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے حکومت کورونا کو کنٹرول کرنے میں بھی نا کام ہو چکی ہے ۔
سابق یوسی چیئرمین نے کہا کہ پنڈیگھیب تا فتح جنگ روڈ بھی تبدیلی سرکار کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں حکومت کے سب لوگ یہاں سے گزر کر جاتے ہیں مگر مجال ہے کہ انھوں نے اس طرف دھیان دیا ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران کوروناکی آڑ میں چھپنے اور دوسروں پر الزام تراشیوں کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔