اٹک، فیلڈ آفس بند،عوام کو اندراج میں مشکلات کا سامنا 

اٹک، فیلڈ آفس بند،عوام کو اندراج میں مشکلات کا سامنا 

اسلام آباد(صدیق فخر سے/ ڈیلی اٹک نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا یونین کونسل ختم کر کے فیلڈ آفس بنانے کا اقدام عوام کیلئے درد سر بن گیا

اکثر فیلڈ آفس بدستور بند،عملہ حاضرنہ ہو سکا، پیدائش/شادی/طلاق/اور وفات کے اندراج کے لیے عوام خوار ہونے پر مجبور،ڈپٹی کمشنر اٹک سے نوٹس لینے کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے یونین کونسل ختم کر کے ان کی جگہ فیلڈ آفس تو بنا دیئے لیکن نئے نظام کے تحت کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی فیلڈ آفس آپریشنل نہ ہو سکے۔ عوام پیدائش/شادی/طلاق/اور وفات کے اندراج کے لیے فیلڈ آفس کے چکر لگا لگا کر تھک گئے لیکن آفس کا تالہ نہ کھل سکانہ ہی سٹاف حاضر۔

 

گزشتہ روز (جمعتہ المبارک) کو ایک شہری ورکنگ ٹائم صبح 10 بجے بھی لوکل گورنمنٹ فیلڈ آفس نمبر 6 ڈھرنال تحصیل فتح جنگ اندراج کے سلسلے میں پہنچا لیکن آگے سے تالے لگے ہوئے تھے اور سٹاف حاضر نہیں تھا۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر اٹک /لوکل گورنمنٹ ضلع اٹک سے آفس اوقات میں سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور فیلڈ آفس کو آپریشنل کرنے مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کے مسائل میں کمی واقع ہو سکے۔