تاریخ میں پہلی مرتبہ عازمین حج کیلئےصرف ایک میقات مقرر
اسلام آباد: کورونا وبا کے باعث جہاں محدود پیمانے پر عازمین کو حج بیت اللہ کی اجازت دی گئی ہے وہیں حج کے ارکان کے حوالے سے کئی ایک اقدامات تاریخ کا حصہ بن رہے ہیں۔
سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق اسلامی تاریخ میں پہلی بار حج کی نیت سے مکہ مکرمہ میں داخلے کا اہتمام ایک ہی میقات سے کیا گیاہے۔
یہ میقات طائف کے قریبی علاقے السیل الکبیر میں واقع ہےاور اس میقات کا نام قرن المنازل ہے۔
رپورٹ کے مطابق میقات ایک اصطلاح ہے جس کا مطلب وہ حد ہے جہاں سے عازمین کو حج یا عمرہ کی نیت سے لازمی طور پر احرام کی حالت میں گزرنا ہوتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ سلم نے حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے دنیا کے مختلف علاقوں سے آنے والوں کے لیے چار میقات متعین کی تھیں۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ اس سال حج ادا کرنے والے عازمین کو صرف ایک ہی میقات سے گزرنا ہو گا۔
پانچویں میقات کے بارے میں بعض جگہوں پر وضاحت ملتی ہے کہ رسول کریمﷺنے پانچویں میقات کا بھی تعین کیا تھا۔
مکہ کی جانب سفر کے لیے مختلف سمت سے یہ پانچ حدود یا میقات حج یا عمرہ کی حالت کی نمائندگی کرتی ہیں۔