حزب اللہ کا رکن لبنانی وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل کا ذمہ دار قرار
اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ خصوصی عدالت نے لبنانی وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل میں ملوث حزب اللہ کے رکن کو ذمہ دار قرار دے دیا۔
ٹریبونل کے مطابق رفیق الحریری کو قتل کرنے والی ٹیم کے زیر استعمال رہنے والے چھ موبائل فونز میں سے ایک حزب اللہ رکن سلیم جمیل ایاش کے پاس پایا گیا جس کی بنا پر ملزم کو دہشت گرد حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
ٹریبونل کی طرف سے مقدمے میں نامزد حزب اللہ کے تین ارکان اور دیگر ملزمان کے خلاف شواہد ناکافی قرار دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ رفیق الحریری 2005 میں ایک دھماکے میں 21 افراد کے ساتھ ہلاک ہوگئے تھے اور ان کی موت کے بعد لبنان کی عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا۔
سابق وزیراعظم اور رفیق الحریری کے بیٹے سعد الحریری نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹرائل کے دوران مزید تفصیلات بھی سامنے آئیں گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان میں ایک بار پھر سیاسی بحران جنم لے چکا ہے۔
گزشتہ دنوں لبنانی دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد پوری کابینہ مستعفی ہوچکی ہے اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔