تمام معاون محکمے اینٹی ڈینگی سرگرمیاں مزید تیز کریں،ڈپٹی کمشنر اٹک
ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی زیر صدارت اینٹی ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلہ میں سرکاری محکموں کی کارکردگی کے جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ہیلتھ، لائیو سٹاک،ریسکیو 1122, ایجوکیشن و دیگر سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل افسران سمیت میونسپل کمیٹیوں کے افسران و اہلکاران نے شرکت کی اور متعلقہ دائرہ کار میں اینٹی ڈینگی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلہ میں سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے سرکاری محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس امر کی تاکید کی کہ مذکورہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام معاون محکمے اینٹی ڈینگی سرگرمیاں مزید تیز کریں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ڈینگی سرویلنس کا تمام تر عمل مقررہ ایس او پیز کے عین مطابق ہو۔
انہوں نے ضلعی و تحصیل سطح پر سرکاری محکموں کے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کے سو فیصد وزٹس اگلے تین روز میں مکمل کر کے وسط ہفتہ جائزہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹیوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کا عمدہ ترین ماحول برقرار رکھا جائے علاوہ ازیں انہوں نے ہر گھر اور سرکاری دفاتر میں خشک ماحول کی ترویج یقینی بنانے خصوصاََ ائر کولرز سے پانی کے خاتمہ کے لیئے فوری ایکسر سائز مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔