اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق ،ڈرائیور سمیت 5 زخمی

اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق ،ڈرائیور سمیت 5 زخمی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کرلی 

اٹک( صدیق فخر سے) اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و جاں بحق بچوں کو اسفند یار ولی اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی عمریں 5 سال 10 سال کے درمیان ہیں جب کہ فائرنگ سے وین کا ڈرائیور افضال ولد محمد عارف وین ڈرائیور بھی زخمی ہوا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی سابقہ دشمنی تھی ۔

زخمیوں میں 8 سالہ محب علی ولد اشتیاق احمد، 7 سالہ سمیرا ولد کرم دین، 8 سالہ شازف ولد شفیق احمد، 12 سالہ حسیب علی ولد سعید اختر، 4 سالہ شازم ولد شبیر اور 48 سالہ افضل ولد محمد عارف شامل ہیں 
جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 9 سالہ رامین ولد شفیق احمد اور 10 سالہ عروہ ولد جمشید شامل ہیں

اٹک پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈھیری کوٹ میں سابقہ دشمنی پر وین ڈرائیور پر ملزمان نے فائرنگ کی،لاشیں اورزخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان ناصر، نعیم وغیرہ موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا دلخراش واقعے کا نوٹس لے لیا اور صدر سرکل اٹک کے افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دے دی پولیس ٹیم کو جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ملزمان کی رعائیت کے مستحق نہیں جلد گرفت میں ہونگے۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر راو¿عاطف رضا ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی ہوئے والے بچوں کی عیادت کی۔ایم ایس جواد الٰہی نے ڈپٹی کمشنر کو علاج سے متعلق بریف کیا۔ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ بچوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر اٹک کے ہمراہ کوآرڈینیٹر ہیلتھ کمیٹی ملک حمید اکبربھی ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی بچوں کی عیادت کی اور والدین کو دلاسہ دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔صدر مملکت آصف زرداری نے بھی اسکول وین پرفائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے، ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔