مہاجرین کے نام پر لوٹ مارکاحساب لیں گے فاروق حیدر

مظفرآباد(وقائع نگار)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت مہاجرین1989 اور مہاجرین مقیم پاکستان کی آبادکاری سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ،آزادکشمیر بھر کے اندر قائم مہاجرین کے کیمپوں میں بنیادی ضروریات ،سیوریج لائن ،گلیوں کی پختگی اور واٹر سپلائی سکیمز کے منصوبوں پر ایک ماہ کے اندر کام شروع کرنے اور مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کی ہائوسنگ کالونیوں کے ہمراہ قبرستانوں کے لیئے رقبہ خریدنے کا فیصلہ ،جبکہ مہاجرین 1989اور مہاجرین مقیم پاکستان کی زمینوں کی الاٹمنٹ ،قبرستانوں کے لیئے اراضی کی خرید ،جعلی سٹیٹ سبجیکٹس اورکالونیوں کے حل طلب معاملات پر پیش رفت کے لیے وزیر بحالیات ناصر ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کے ممبران میں وزیر خوراک سید شوکت شاہ اور ممبر اسمبلی احمد رضا قادری شامل ہیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ 12مہاجر اراکین کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے ایک ماہ کے اندر قابل عمل سفارشات مرتب کر کے پیش کی جائیں کمیٹی ہر صورت ایک ماہ کے اند راپنا کام مکمل کرے اجلاس میں ،وزیر بحالیات ناصر ڈار ،وزیر خوراک سید شوکت شاہ ،ممبر اسمبلی احمد رضا قادری ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض احمد عباسی ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی محمود الحسن راجہ ،کمشنر بحالیات تہذیب النسا ء ،ڈی جی لوکل گورنمنٹ سردار نصرت عزیز ،پراجیکٹ ڈائریکٹر بابر منہاس اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت پر پہلی بار مہاجرین 1989کے کیمپوں میں بنیادی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں مہاجر کیمپوں میں سیوریج لائنز ،گلیوں کی پختگی ،پختہ راستہ جات ،واٹر سپلائی سکیمیں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 8کروڑ روپے کے منصوبہ جات منظوری کے مراحل میں ہیں زمینوں کی خریداری کے لیے ابتدائی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مہاجر ہمارے جسم کا حصہ ہیں یہ ریاست کے شہری ہیں ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مہاجرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔ ماضی میں مہاجرین کے نام پر جعل سازیاں کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جس نے بھی مہاجرین کے نام پر لوٹ مار کی اسے حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی سٹیٹ سبجیکٹ کسی صورت برداشت نہیں۔ اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل کے لیے کمیٹی جامع سفارشات دے۔ اس حوالے سے منتخب نمائندوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ہدایت کی آزاد کشمیر بھر کے مہاجر کیمپوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مرحلہ وار بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔