سیکرٹری صحت کا پی اے سی اجلاس میں شرکت سے صاف انکار
مظفرآباد(وقائع نگار) پبلک اکونٹس کمیٹی کے اجلاس میں جمعرات کے روز کمیٹی روم میں آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کے وورکنگ پیپرز زیر غور لانے تھے ۔ پی اے سی کا اجلاس جو چوہدری محمد اسحاق چیئرمین کی سربراہی میں10بجے وقت مقررہ پر شروع ہوا۔ جس میں ممبران کمیٹی عبدالماجد خان، حافظ احمد رضا قادری، کرنل (ر) وقار احمد نور نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہوئی جب تینوں میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان ، آڈٹ اور ناظم اعلیٰ حسابات موجود تھے پرنسپل اکونٹنگ آفیسر صحت عامہ کا انتظار کرنے لگے۔ پبلک اکونٹس کمیٹی سیکرٹریٹ کی طرف سے اجلاس کے انعقاد سے متعلق شیڈول قبل ازیں جاری ہو چکا تھا اس سلسلہ میں اجلاس میں وقفہ کیا گیا بعد ازاں اجلاس دوبارہ 11:35پر شروع ہوا تو پتہ چلا کہ کمیٹی کے رابطہ کرنے پر بھی سیکرٹری صحت عامہ نے اجلاس میں شرکت کرنے سے صاف انکار کر دیا کہ وہ کسی اور کام میں مصروف ہیں ۔ چیئرمین ممبران پبلک اکونٹس کمیٹی نے اس کا شدید نوٹس لیا اور چیف سیکرٹری کے نوٹس میں بھی بات لائی گئی اور کہا کہ سیکرٹری صحت عامہ کی عدم شرکت انکاری کمیٹی کے لئے باعث تشویش ہے اس کا فوری نوٹس لیا جائے پرنسپل اکونٹنگ آفیسر صحت عامہ کی عدم شرکت کے باعث کمیٹی کا اجلاس بقیہ کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا حالانکہ میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان دور دراز سے سرکاری اخراجات پر تشریف لائے تھے لیکن سیکرٹری صحت عامہ آفس میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شریک نہ ہوئے اس باعث بلا وجہ حکومتی خزانہ کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کا ریکارڈ بھی پڑتال نہ ہو سکا۔
#/S