تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

س۔السلام علیکم سر!میرانام احسن افتخار ہے ،آزاد کشمیر سے میرا تعلق ہے۔ سر میں نےCUBAجو کہ ایچ ای سی سے منظور شدہ ہے سے MDڈاکٹر آف میڈیسن مکمل کیا ہے۔ میں Spanishزبان پر بھی عبور رکھتا ہوں۔ میں PMDCبھی ہوں لیکن یہاں ہمارے نظام میں غیر ملکی ڈاکٹر کو ایف سی پی پی میں شامل کرنے کے لئے ترجیح نہیں ہے اور کشمیری ڈاکٹروں کے لئے یہ مسئلہ بھی بدتر ہے۔ لہذا مجھے مشورہ دیں کہ میں اپنے مستقبل کو کیسے بہتر بنا سکتا ہوںاور یہ بھی بتائیں کہ میں یہاں ایم فل کروں یا بیرون ملک جا کر کوئی اسپیشلائزیشن کروں؟ براہِ مہربانی میرے مستقبل کیلئے میری رہنمائیں فرمائیں۔(احسن افتخار۔ میرپور آزاد کشمیر)
ج۔ڈیئر احسن افتخار، میں حیران ہوں کہ اس طرح کی اہلیت اور سی وی کے ساتھ آپ اب بھی نوکری کے بغیر ہیں۔ ہسپانوی زبان میں عبور رکھنے والے لوگوں کو اسپین سمیت پورے ہسپانوی بولنے والے علاقوں میں مواقع تلاش کرنے کے قابل ہونا چاہئے جوقابل ڈاکٹروں کی تلاش میں رہتے ہیں۔میں آپ کو مشورہ دوں گا کہ آپ اپنے ایم بی بی ایس اور ایم بی ڈگری کو ایک متعلقہ ا سپیشلائزیشن کے ساتھ بہتر کریںجو کہ آپ کی سوچ اور دلچسپی سے مطابقت رکھتا ہو۔ جیسا کہ سرجری یا فزیشن، ٹراپیکل میڈیسن، پیڈیاٹرکس۔ کسی بھی مغربی ملک سے ایم ایس سی کرنا بہتر ہوگا اور خاص طور پر مشرقی یورپین زون سے ماسٹرز یا پوسٹ گریجویٹ ڈگری کیلئے یونیورسٹیز آپ کو کم پیسوں میں داخلے بھی دے دیں گی اور شاید آپ کو ٹیچنگ کی نوکری یا اسپتال سے متعلقہ نوکری بھی مل جائیجو آپ کے رہنے سہنے کے خرچے کیلئے کام آئے گی۔ اس کے بعد آپ ہسپانوی بولنے والے ممالک میں جاسکتے ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ آپ کو بہترین کیریئر کے مواقع ملیں گے۔
س۔سر !میرا داخلہ بی ایس ا سٹریٹجک ا سٹڈیز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ہوگیا ہے اور بی ایس انٹرنیشنل ریلیشن نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں ہو گیا ہے۔ مجھے بتائیں کہ میں کونسی یونیورسٹی میں داخلہ لوں۔(سمیع اللہ ۔اسلام آباد)
ج۔ڈیئر سمیع اللہ!اگر میں آپ کی جگہ ہوتا تو میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو منتخب کرتا اور اپنے بیچلر اور ا سٹریٹجک اسٹڈیز میں زیادہ سے زیادہ نمبر لینے کی کوشش کرتا۔ اچھے نمبروں سے بیچلر کرنے کے بعد آپ کو بیرون ممالک ماسٹرز ان وار ا سٹڈیز، پیس اینڈ کنفلکٹ یا کوئی بھی علاقائی ا سکالرشپ تلاش کرنی چاہئے۔ بین الاقوامی تنظیموں جیسے یونائیٹڈ نیشن، عالمی بینک، یونیسکو، ڈی ایف آئی ڈی وغیرہ میں کیریئر کے مواقع بہت ہیں۔
س۔جناب عابدی صاحب ،میرا اس دفعہ کا ایگریگیٹ65.864ہے اور میرا داخلہ یو ای ٹی کے ٹیکسلا کیمپس میں ٹیلی کام میں ہو رہا ہے اور دوسرا آپشن چکوال کیمپس میں الیکٹرونکس اور میکاٹرونکس کا ہے ،آپ سے رہنمائی چاہئے کہ ا ن دونوں میں سے لڑکیوں کے لئے کون سی فیلڈ مناسب ہے؟(مریم خان۔لاہور)
ج۔آج کے دور میںتعلیم مواصلات مرد اور خواتین دونوں کیلئے بہترین میدان ہے اور میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ٹیلی کام کا انتخاب کریںاور جب آپ اپنا بی ایس مکمل کر لیں گی تو پاکستان کی کسی بھی جانی مانی موبائل نیٹ ورک کمپنی میں انٹرنشپ یا ملازمت کا انتخاب کر سکتی ہیں اور ان کمپنیوں میں بے شمار آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں ۔
س۔سر میں نے ایف ایس سی پری میڈیکل میں 847نمبر حاصل کئے ہیں ،مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں انوائزمینٹل اور بائیولوجکل سائنس میں سے کس کا انتخاب کروں؟ (ذیشان ظفر۔ملتان)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ بی ایس مولیکیولر بائیولوجی یا بائیوکیمسٹری میں کریںکیونکہ یہ دونوں بیچلرز آپ کو آگے ایم ایس سی بائیومیڈیکل سائنسز کی طرف لے جاتے ہیں اور اس فیلڈ میں بے شمار کیریئر کے مواقع موجود ہیں۔