پاکستان میں الیکشن سے قبل فاروق حیدر حکومت ختم ہونی چاہیے،لطیف اکبر

مظفرآباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی آزادکشمیر حکومت آزادکشمیر میں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر اپنی کابینہ کا اعتماد کھوچکے ہیں۔وزرائ،وزیراعظم کو تجاویز اور کام نہیں بتاتے ہیں۔ دارالحکومت مظفرآباد بالخصوص پورا آزادجموں وکشمیر بالخصوص تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، حکومت بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کرکے الیکشن سے راہ فرار اختیار کرچکی ہے۔پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں بھی فوری الیکشن کروائے جائیں تاکہ آزادجموں وکشمیر مثالی حکومت کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے سینئر صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ اے جے کے بینک کو موجودہ حکومت نے شیڈول بنانے کی کوشش نہیں کی اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو 23ارب روپے ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 10ارب روپے بینک ڈیپازٹ کے طورپر رکھ دیتی تو آزادکشمیر بینک مستحکم ہوجاتا اور پاکستان کے اولین بینکوں کی صف میں آجاتا مگر حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے آزادکشمیر کے عوام کو جو سبز باغ دکھائے تھے اب وہاں اندھیروں کے سوا کچھ نہیں ہے۔پاکستان کے عام انتخابات سے قبل آزادکشمیر میں سے فاروق حیدر کی حکومت کو ختم کرکے جنرل الیکشن کروائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دو سال کے مختصر عرصہ میں موجودہ حکومت نے عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔اگر آج انتخابات ہوتے ہیں تو پورے آزادجموں وکشمیر میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے اندر ایڈمنسٹریٹرز تعیناتیوں سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ حکومت بلدیاتی الیکشن سے فرار اختیار کرچکی ہے۔بلدیاتی انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد کروائے جائیں پھر نو منتخب نمائندوں کو اختیارات دیئے جائے۔
لطیف اکبر