ہسپتالوں میں فری ایمرجنسی سے ہزاروں زندگیاں محفوظ بنا دیں،فاروق حیدر

مظفرآباد(وقائع نگار)محکمہ صحت آزاد کشمیر شعبہ ایمرجنسی نے گزشتہ سال جون 2017سے شروع ہونے والی فری ایمرجنسی سروسز سے متعلق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو آزاد کشمیر کے دس اضلاع کے ہسپتالوںکے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی گئی ۔ 6ماہ میں چار لاکھ نوے ہزار ایک سو سات 490,107مریضوں کا فری علاج کیا گیا ۔ ماہ جون 2017میں 63614، جولائی میں 78193ماہ اگست میں 78810، ماہ ستمبر میں73248، ماہ اکتوبر میں69160،ماہ نومبر میں59068جبکہ ماہ دسمبر میں 68014مریضوں کو مفت علاج کیا گیا ۔ آزاد کشمیر بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں قائم فری ایمرجنسی یونٹس سے 9کروڑ نوے لاکھ کی فری ادویات جن میں سرنج سے لیکر ہارٹ اٹیک کے انجکشن تک بالکل مفت فراہم کی گئیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے رپورٹ پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔ فری ایمرجنسی سروسز کے ذریعے ہزاروں زندگیوں کو محفوظ بنایا گیا۔ اب ایمرجنسی میں آنے والے کسی مریض کو یہ پریشانی لاحق نہیں ہوگی ۔ کہ پیسے نہ ہونے کے باعث وہ ابتدائی طبی امداد کے دوران اپنا علاج نہ کروا سکا ۔ ایمرجنسی سروسز پروگرام سے آزاد کشمیر کے تمام شہریوں بلا تخصیص مستفید ہورہے ہیں اس پروگرام کی بدولت ہزاروں لوگوں کی باتیں سنیں ۔ آزاد کشمیر کے اندر لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ غریب اور بے سہارا افراد کو علاج معالجے کے لیے بھی گزشتہ سال ایک بھاری رقم زکوة منافع فنڈسے جمع کی گئی جبکہ کیمونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کے ترقیاتی بجٹ سے بھی بڑے ہسپتالوں کے لیے ادویات اور دیگر سہولیات کے لیے رقوم فراہم کی گئیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے پروگرام کو کامیابی سے چلانے اور موثرنگرانی و عملد رآمد پر وزیر صحٹ ڈاکٹر نجیب نقی اور ان کی پوری ٹیم ، سیکرٹری ، ڈی ہیلتھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے پروگرام کو انتہائی کامیابی سے چلانا اس بات کو ثبوت ہے کہ آزا د کشمیر کے محکمہ جات میں اہلیت و صلاحیت موجود ہے کہ وہ حکومت کے عوام دوست ویژن پر ا س کی روح کے مطابق عملد رآمد کریں ۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اپنے کاموں کی ستائش کا رواج کم ہے مگر جس انداز سے محکمہ صحت نے پونے 5لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیااور کوئی قابل ذکر شکایت بھی موصول نہیں ہوئی جس پر محکمہ صحت کو مبارکباد دیتا ہوں مزید بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود رہتی ہے لہذا اس سروسز کی مزید بہتری کے لیے بھی تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی جانب سے 11ہسپتالوں کے اندر آنیوالے تمام مریضوں کا مکمل بائیو ڈیٹا ضلع وائز اور ہسپتال وائز ماہانہ بنیادوں پر مرتب کیا جارہا ہے جن میں ایمرجنسی میں آنیوالے مریضوں کا نام پتہ اور موبائل نمبر شامل ہے ۔ ایمرجنسی میں ڈاکٹر ز کے رویے کے خلاف اور ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے شہری براہ راست شکایات بھی درج کروا سکتے ہیں۔