پیپلزپارٹی آزادکشمیر کا لاہور دھرنے میں شرکت کا اعلان
میرپور(وقاص صدیق سے)صدرپاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور سینئر نائب صدر پی پی پی آزادکشمیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر پاکستان عوامی تحریک کے 14معصوم کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے، مقتولین کے ورثاء کو انصاف فراہم نہ کرنے اور شہریوں کو ریاستی طاقت اور پولیس گردی کے ذریعے کرش کرنے اور پنجاب کو انصاف کی مقتل گاہ بنانے کیخلاف 17جنوری کو مال روڈ لاہورپر آل پارٹیز اجتماعی دھرنا میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت ، سینئر کارکنان اور پی وائی او کا ہر اول دستہ کارکردار ادا کرکے پنجاب کے قاتل حکمرانوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے اور انصاف کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ان خیالات کااظہار انہوںنے کشمیر پریس کلب میرپور میں مشترکہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا صدر پی پی آزادکشمیر نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے شہریوں کو دولت اور ریاستی طاقت کے زور پر کرش کیاجارہا ہے قصور میں معصوم بچی زینب کے قتل کیخلاف احتجاج کرنیوالے شہریوں کو پنجاب پولیس کے ذریعے قتل کروانے کی ذمہ داری بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ پر عائد ہوتی ہے ۔پاکستان عوامی تحریک کے 14مقتولین سمیت سانحہ قصور میں قتل کئے جانے والے شہریوں کے خون کا حساب بھی پنجاب کے حکمرانوں کو دینا ہو گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کسی صورت ان مظالم کو برداشت نہیں کرے گی۔ آزادکشمیر کے تمام اضلاع کیساتھ ساتھ مہاجرین مقیم پاکستان سے پی پی کے کارکن جلوس اور قافلے روانہ ہو کر مال روڈ کے دھرنا مین بھرپور عوامی قوت کیساتھ پنجاب کے قاتل حکمرانوں کو للکار یں گے مال روڈ لاہور دھرنے میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شرکت کرینگے ۔ پریس کانفرنس میں مرکزی رابطہ سیکرٹری عامر ذیشان جرال، جنرل سیکرٹری ضلع میرپور فریدانور ایڈووکیٹ ،پروفیسر افضل مرزا، جاوید اقبال مرزا، غلام رسول عوامی، نبیلہ ایوب ایڈووکیٹ، ناصر خان جرال، سید سکندر جاوید بخاری، آصف حسن میر، راجہ خلیل یوسف ، راجہ ذوالفقار ،حاجی شیر محمد، صغیر جاگل، طارق بشیر، چیف آرگنائزر پی وائی او اسلم گجر، سیکرٹری اطلاعات پی ایس ایف ریاست تبسم ، ریاض جرال، ذکاء جوشی، جنیدمالک ایڈووکیٹ، الطاف چوہدری ایڈووکیٹ عثمان احمد چوہدری، شاہد راٹھور، تنویر سبحانی، چوہدری ناظم، قاضی محمود ،رمضان گجر، سعید گجر، خواجہ رمضان ، ندیم جرال، رضوان جرال سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے صدر پی پی پی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر اور سابق وزیارعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون اور سانحہ قصور پر لیگی حکمرانوں کی بے حسی کا جتنا بھی ماتم کیا جائے وہ کم ہے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اور دیگر جماعتوں کیساتھ مرکزی اور پنجاب حکومتوں کے ختم ہونے تک یہ احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا ان راہنمائوں نے الزام عائد کیا کہ یوسف ثانی اور ضیاء الدین قتل میں آزادکشمیر حکومت نے نااہلی کا ثبوت دیا اور اصل قاتل کو ائیرپورٹ سے بروقت گرفتار کرنے میں تاخیری حربے استعمال کئے چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر سابق وزیراعظم کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔ صدر پی پی پی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ 17جنوری کو پی پی کے تمام قافلے سمندر کی طرح لاہور دھرنا کیلئے یلغار کرینگے۔
2