تارکین وطن کو ووٹ کا حق ملنا ضروری ہے:بیرسٹرسلطان

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اوورسئیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے لئے سپریم کورٹ کے نوٹس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور پی ٹی آئی پہلے بھی اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،تارکین وطن کو ووٹ کا حق ملنا ضروری ہے۔اب اس  سلسلے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے نئی درخواست مانگی ہے۔کیونکہ اوورسیئز کشمیری اور پاکستانی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ہر سال اٹھارہ ارب روپ کا زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہیں جب ووٹ کا حق حاصل ہو گا تو وہ پاکستان کے اقتصادی و سیاسی معاملات میں زیادہ دلچسپی  لینا شروع کر دیں گے اسطرح نہ صرف انہیں اپنا حق مل جائے گا بلکہ خود پاکستان کی اقتصادی صورتحال بھی بہتر ہو جائے گی۔ نوازشریف اور اسکی حکومت نے اسلئے اس لئے اس  تارکیں وطن کو ووٹ دینے کے بل کو دبائے رکھا کیونکہ تارکین وطن انکے کرتوتوں سے واقف ہو چکے ہیں اور انہیں کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔لہذا ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان کے اسی سال ہونے والے الیکشن میں اوورسیئزپاکستانیوں اور کشمیریون کو ووٹ کا حق مل جائے گا۔ اسی طرح اوورسیئزکشمیریوں کوووٹ کا حق ملنا اسلئے بھی زیادہ ضروری ہے کیونکہ بیرون ممالک میں بالخصوص برطانیہ میں ایک بڑی تعداد میں کشمیری مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں اور جب انہیںیہ حق ملے گا تو وہ پہلے سے زیادہ اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک آباد لوگ پڑھے لکھے بھی ہیں اور تمام بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اسلئے مجھے یقین ہے کہ ووٹ کا حق ملنے کے بعداوورسیئز پاکستانی اور کشمیر ی پی ٹی آئی کو ہی ووٹ دیں گے۔اسلئے موجودہ حکمران تارکین وطن کو ووٹ دینے کا حق مارنا چاہتے ہیں۔تارکین وطن کو ووٹ کا حق ملنا اسلئے بھی ضروری ہے کیونکہ اوورسیئزپاکستانیوں و کشمیریوںکی اپنے آبائی خطے سے انکی وفاداری اور وابستگی قائم رکھنے کے لئے بھی انہیں ووٹ کا حق ملنا ضروری ہے۔