چیف جسٹس کا نماز جمعہ میں سرکاری خطبے کرانیکا حکم

مظفرآباد(وقائع نگار)چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر و چیئرمین آزاد جموں وکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ معاشرے کی اصلاح اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے جمعہ خطبات کے لئے موضوعات کو ترتیب دے کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ آزاد کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی و یکجہتی اور معاشرے کی بہتر اصلاح کیلئے محکمہ امور دینیہ و اوقاف ، جموں وکشمیر ملی رابطہ کونسل اور اسلامی نظریاتی کونسل ملکر عملی طور پر پالیسی بنا کرعملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ ملی رابطہ کونسل اور امور دینیہ آزاد کشمیر میں جمعہ کے خطبات میں موضوعات کی ترتیب کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ جموں وکشمیر ملی رابطہ کونسل کے 28ممبران کا حلف چیئرمین علماء و مشائخ کونسل ڈویژنل سطح پر اجلاس بلاکر لیں۔ مرکزی رابطہ کونسل کا اجلاس جلدسے جلد بلایا جائے اورجمعہ کے خطبات کے لئے موضوعات کو حتمی شکل دے کر سیکرٹریٹ امور دینیہ اس کے عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ ضلعی و تحصیل سطح پر مفتی صاحبان ملی رابطہ کونسل کے اجلاس منعقد کریں ۔ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے بدھ کے روز آزاد جموں وکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے سیکرٹری مذہبی امور و امور دینیہ و اوقاف سید نظیر الحسن گیلانی ، سیکرٹری قانون ارشاد احمد قریشی ،سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل جاوید الحسن جاوید، چیئرمین آزاد جموں وکشمیر علماء و مشائخ ، مولانا عبیداللہ فاروقی ، ڈائریکٹر امور دینیہ مفتی نذیر احمد قادری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ایک اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے علماء کا کر دار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ علماء کرام ریاست میں مذہبی ہم آہنگی و یکجہتی اور اسلامی تعلیمات کی طرف راغب کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ امور دینیہ اسلامی نظریاتی کونسل اور ملی رابطہ کونسل ملکر معاشرے کی اصلاح کے لئے اپنا کر دار ادا کریں ۔چیف جسٹس نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے آزاد کشمیر بھر میں جمعہ کے خطبات کے لئے موضوعات کو ترتیب دے کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں یکجہتی کے فضاء پیدا کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اسلامی طرز زندگی کی طرف راغب کرنے اور اخوت ، بھائی چارے کی فضاء ختم کرنے کے لئے ملی رابطہ کونسل اور متعلقہ ادارے ملکر بھر پور کردار ادا کریں تاکہ ایک اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے جذبہ اور کمٹمنٹ کے تحت اپنے فرائض اللہ کی رضا کے لئے انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفتر ، عہدے ادھر ہی رہیں گے ہم نے اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے زندگی کو بامقصد بنا کر آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔