مظفرآباد، نیلم جہلم پراجیکٹ سکریپ کے ٹھیکے من پسند افراد کو الاٹ

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) نیلم جہلم پراجیکٹ میں اسکریپ کے ٹھیکے بھی من پسند ٹھیکیداروں کو دئیے جانے لگے۔ اصل متاثرین نظر انداز ۔متاثرین نے احتجاج کی دھمکی دیدی ۔نیلم جہلم پراجیکٹ سی ٹو کے متاثرین محمد رفیق خان، نظرویز خان، عبدالحفیظ، عامر کول، فیصل کول، طارق زمان، عبدالرشید خان و دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کو چار مخصوص ٹھیکیداروں نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔جو کروڑوں کے ٹھیکے حاصل کرنے کے باوجود اصل متاثرین کی حق تلفی کر رہے ہیں اور ملی بھگت سے روزمرہ اسکریپ سکھی کنارہ لے جانے کے بہانے بنا کر اسکریپ اٹھاتے ہیں اور اصل متاثرین کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ اسکریپ ہم نے خریدا ہوا ہے جس کی وجہ سے پراجیکٹ میں ائے روز انتشار ہو رہا ہے اور کوئی بھی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی انتظامیہ کو اگاہ کرتے رہے مگر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔واپڈا اور دیگر انتظامیہ ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کا نوٹس لے کر جو اسکریپ متاثرین کی زمینوں میں پڑا ہوا ہے وہ اصل متاثرین کو دیں اور جن لوگوں کی زمینیں پراجیکٹ میں متاثر نہیں ہوتیں ان کی انٹری مکمل بند کرے ۔ٹھیکیداروں کو پراجیکٹ سے فارغ کر کے اصل متاثرین کو ان کے حقوق دئیے جائیں ۔بصورت دیگر متاثرین بھرپور احتجاج کرینگے ۔جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا ،انتظامیہ اور ٹھیکیداروں پر عائد ہوگی۔