میرٹ کا جنازہ۔۔۔۔ میٹرک پاس خاتون جونیئر معلمہ تعینات

اسلام آباد(وقائع نگار) آزاد کشمیر میں جونئیر معلمہ کا میرٹ میٹرک پاس رکھ دیا گیا۔ حکومتی عہدیداران  سیاسی دبائو کے ذریعے تعلیمی اداروں میں اپنے من پسند لوگوں کی تقرریاں کروانے لگے۔میرٹ کے دعویدار وزیر اعظم راجا فاروق حیدر کی ناک کے نیچے انہی کے ضلع میں میٹرک پاس خاتون کی بطور جونئیر معلمہ تقرری کر دی گئی۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر ظہیر احمد بھٹی کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ایک خاتون معلمہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد تعینات کی جانے والی معلمہ میٹرک پاس ہیں اور ان کی تقرری چھ ماہ کیلئے کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری عارضی ہے ۔ تاہم آزاد کشمیر میں شعبہ تعلیم کے قوانین کے مطابق کسی بھی عارضی یا مستقل تقرری کیلئے امیدوار/ امیدوارہ کا این ٹی ایس کا ٹیسٹ پاس ہونا لازمی ہے اور تعلیمی معیار کم از کم بی اے ہے لیکن اس تقرری سے آزاد کشمیر میں میرٹ کے دعووں کی حقیقت سامنے آ گئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی شخصیت کے دبائو پر ڈائریکٹر بورڈ نے تقرری کے احکامات جاری کئے۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس تقرری میں کسی حکومتی شخصیت کا کوئی کردار نہیں۔ اس پر تقرری کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔