پاکستان میں یوم یکجہتی سے تحریک آزادی کو تقویت ملے گی،غلام ربانی
میرپور(بیورو رپورٹ) ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل بھمبرراجہ غلام ربانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی ہدایت پر05 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش وجذبہ اورملی بیداری کے ساتھ منائیں گے، سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اورمسلم لیگ ن کی حکومت نے کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی امداد کے لیے جو اقدامات اور جراتمندانہ موقف اختیار کیا ہوا ہے اس سے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت مل رہی ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سابق وزیر اعظم پاکستان ومسلم لیگ ن کے صدرمیاں محمد نواز شریف نے جس طرح مسئلہ کشمیر پر جراتمندانہ اور اصولی موقف اختیار کیاتھااس سے تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی ہے ۔ 05 فروری یوم اظہار یکجہتی کشمیرکے موقع پر حکومت پاکستان اور بالخصوص مسلم لیگ ن کی حکومت کا کشمیری عوام سے بھر پور یکجہتی منانے سے بھی تحریک ازادی کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گی ۔اس دن پاکستانی اور کشمیر ی عوام اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔ حکومت آزادکشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری اپنی پر امن جد و جہد جاری رکھیں گے ۔