ہانک کانگ تنازع کشمیرکے حل میں کردار ادا کرے:بیرسٹر سلطان
ہانگ کانگ(نمائندہ خصوصی)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے مسئلہ کشمیر کو امریکہ، کینیڈا، یورپ، برطانیہ، مشرق وسطی میں اٹھانے کے بعد ضروری سمجھا کہ مشرق بعید میں بھی مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے تاکہ دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول ہو کیونکہ بھارت بڑے پیمانے پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔لہذا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ہانگ کانگ جو کہ ایک سو سال تک برطانیہ کی کالونی رہا اور سو سال بعد برطانوی راج کے یہاں سے خاتمے پر آزادی حاصل کی۔ ہم کشمیریوں کی مشکلات کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے۔ اسی طرح ہانگ کانگ چونکہ میڈیا کا حب ہے یہاں سے پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنے متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے دورے کے اختتام پر ہانگ کانگ میں وطن روانگی سے قبل ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چینی اور ہانگ کانگ کے میڈیا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میزبان لال دینوں مری بلوچ،چوہدری زاہد فاروق، چوہدری اللہ دتہ، خان جہانزیب اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔اس موقع پر میزبان لال دینو بلوچ نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو ایک مودی ہے اگر سینکڑوں مودی بھی آجائیں تو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی کشمیریوں کی تحریک کو دبا سکتے ہیں۔کیونکہ اب کی بار جو مقبوضہ کشمیر میں جو تحریک چلی ہے وہ کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔انھوں نے کہا کہ دنیا کو دو ایٹمی طاقتوں کو انکے حال پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔مسئلہ کشمیرکا حل جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی ہے۔لہذ ا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ہم تمام پاکستانی سیاسی، سماجی،مذہبی اختلافات سے بالائے طاق رکھ کراور متحد ہو کر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔مقبوضہ کشمیر انشا ء اللہ جلدبھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ بھی سو سال تک برطانیہ کی کالونی رہا ہے اور ایک طویل جدوجہد کے بعد ہانگ کانگ نے برطانوی تسلط سے آزادی حاصل کی ہے۔ لہذا وہ کشمیریوں کے موقف کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے میں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لئے گذشتہ چند ماہ میں میںنے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، یورپ کے دورے کیے اورد اب مشرق وسطی اور مشرق بعید کے دورے پر آیا ہوں تاکہ یہاں سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ ہانگ کانگ چونکہ میڈیا کا حب ہے لہذ میں میڈیا کے توسط سے انٹرنیشنل کمیونٹی سے کہوں گا کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔