فاروق حیدر کا طرز حکمرانی قابل مذمت اور اپوزیشن سے رویہ افسوسناک ہے،چوہدری مجید

میرپور (بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا طرزِ حکمرانی قابل مذمت ہے اُن کا اپوزیشن اور دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ رویہ قابل افسوس ہے۔ وہ اپنی لایعنی گفتگو اور بے بنیاد الزام تراشی سے باز آ جائیں اور اگر انہوں نے اپنے طرزِ عمل کو تبدیل نہ کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت شہیدذ والفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری، محترمہ فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ، بے بنیاد اور لغو الزامات دہرائے تو اُنہیں اسمبلی اور اسمبلی کے باہر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیراعظم فاروق حیدر ہوا کے گھوڑے پرسوار ہیں اور انہیں یہ معلوم ہی نہیں ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کی پالیسی کیا ہے، نوازشریف تو پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف بات تک نہیں کرتے اور فاروق حیدر ہر وقت پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف رہتے ہیں عوام سمجھنے سے قاصر ہیں کہ وہ (ن) لیگ کی قیادت کی خوشامد کر رہے ہیں یا اُن کی بیڑیوں میں پتھر ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ فاروق حیدر نے ختم نبوتۖ بل کی منظوری کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ممبران باالخصوص میرے حوالے سے سراسر غلط بیانی سے کام لیا ہے۔ پیپلز پارٹی ختم نبوتۖ کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے اور قادیانیوں کو کافر قرار دینے کا اہم قدم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اُٹھا کر تاریخ رقم کر دی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے ختم نبوتۖ بل کی مکمل حمایت کی ہے اور اس حوالے سے اسمبلی میں خطاب کرنا چاہا تو مجھے موقع نہ دیا گیا جو کہ شرمناک فعل ہے حکمران اپنی کم ظرفی اور نااہلی کو چھپانے کی کوشش میں ہم پر تنقید کر رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ فاروق حیدر اپنے کردار اور فعل سے نوازشریف کی چاپلوسی میں بڑا سیاسی ایکسیڈنٹ کریں گے اور جلد ہی اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔