تارکین وطن کی وجہ سے کشمیر کاز عالمی سطح پر زندہ ہے،بیرسٹر سلطان

میرپور(بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک کشمیریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کشمیری یہ کردار بطریقِ احسن نبھا رہے ہیں، خاص طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے برطانیہ میں کشمیریوں کا کردار شاندار ہے۔ انہی کی وجہ سے آج کشمیر کاز عالمی سطح پر زندہ ہے۔ میں نے برطانیہ میں زمانہ طالب علمی کے دوران یہاں کے کشمیریوں پرزور دیا تھا کہ وہ برطانیہ کی سیاسی جماعتوں اور ٹریڈ یونین میں متحرک انداز میں شامل ہو جائیں ۔تاکہ ایک طرف ان کا یہاں مستقبل روشن ہو سکے اور دوسرا وہ کشمیر کاز اور پاکستان کے لیے بھی کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کیتھلے برطانیہ کی کشمیری نژاد کونسلر کنیز فاطمہ سے میرپور میں ون ٹو ون ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری مزید کہا کہ اس وقت 7 کشمیری ممبران پارلیمنٹ ہیں 3 ہاوس آف کامنز کے ممبر ہیں 15 شہروں میں ہمارے میر ہیں 350 سے زاہد منتخب کونسلرز ہیں ۔خوشی کی بات یہ ہے کہ اس میں خواتین بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔یہ خواتین ممبر پارلیمنٹ میں ہیں اور کونسلرز بھی ہیں خواتین سے ہمیں یہ توقع ہے کہ وہ انسانی حقوق اور کشمیر کاز کے لیے اپنا کردار ادا کریں برطانیہ دنیا کا اہم ترین ملک ہے یہاں سے اٹھنے والی آواز کی ایک اہمیت ہے۔ اس موقع پر کنیز فاطمہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیرسٹر سلطان کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی خدمات کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔