آزادکشمیر میں سوائن فلو سے ایک اور خاتون جاں بحق،انتظامیہ نے چپ سادھ لی

اسلام آباد(دانش ارشاد)میرپور کے بعد کوٹلی میں بھی سوائن فلو کا کیس سامنے آگیا ۔میرپور میں لیڈی ڈاکٹر کی ہلاکت کے بعد کوٹلی میں بھی ایک عمر رسیدہ خاتون سوائن فلو کا شکار ہو گئیں۔کوٹلی کی بزرگ خاتون مذکورہ بیماری میں مبتلا تھیں اور وقت پر تشخیص نہ ہونے کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ خاتون کے ٹیسٹ قائد اعظم ہسپتال راولپنڈی سے کروائے گئے جو پازیٹو آئے ،راولپنڈی میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئیں ۔کوٹلی کی ایک اور خاتون رضیہ عظیم بھی سوائن فلو کا شکار ہوئیں تاہم انہیں وقت پر اسلام آباد منتقل کر دیا گیا جہاں وہ ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیںانکی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ سہنسہ کی ایک خاتون میں بھی اس مرض کی تشخیص ہوئی جسکا علاج جاری ہے ۔آزاد کشمیر میں سوائن فلو کی تشخیص کیلئے مطلوبہ لیبز موجود ہیں نا ہی علاج کی سہولیات میسر ہیں۔ حکومت بھی اس معاملے میں لاپرواہی برت رہی ہے۔اس ضمن میں روزنامہ کشمیر ٹائمز نے کچھ دن قبل ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی اس کے باوجود یہ معاملہ حکومت کی جانب سے عدم توجہی کا شکار ہے۔