حکومت ہو یا اپوزیشن،عوامی مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے،بیرسٹر سلطان

مظفرآباد(وقائع نگار)  آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے جادہ روڈ کا دیرینہ مسئلہ حل کروا دیا۔ اس پر اس گائوں کے لوگوں نے اطمینان یا اظہار کیا کیونکہ یہ مسئلہ طویل عرصہ سے چلا آ رہا تھا روڈ کی کشادگی زمین کی لوگوںکی ملکیت کی وجہ سے ممکن نہیں ہو رہی تھی ۔بیرسٹر سلطان نے چوہدری گلزار چوہدری میر افضل چوہدری اصغر کے گھر جا کر روڈ کے لئے بلا معاوضہ اور غیر مشروط زمین کے لیے درخواست کی جس پر چوہدری گلزار ،چوہدری میر افضل، چوہدری اصغر نے اپنی زمین دے کر جادہ کا روڈ کا مسئلہ حل کر دیا۔ آج بیرسٹر سلطان محمود جب بڑی گاڑی پر جادہ پہنچے تو جادہ آمد پر بابو مقصود اور اہلیانِ جادہ نے بیرسٹر سلطان کا والہانہ استقبال کیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر بابو مقصود نے کہا کہ جادہ روڈ کا مسئلہ حل کروانے پر ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آج پورا جادہ بیرسٹر سلطان کے روشن مستقبل کے لیے دعا گو ہے۔ مودی نواز گٹھ جوڑ کی وجہ سے میرپور سے بیرسٹر سلطان کو ہرایا گیا۔ لوگ اس کو ماضی کا حادثہ سمجھ کر بھول چکے ہیں۔ ہماری امیدیں اب بیرسٹر سلطان محمود سے وابستہ ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کرنا میری زمہ داری ہے حکومت ہو یا اپوزیشن اس ذمہ داری کو ہمیشہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ دشمن یہ نہ سمجھیں کہ ہم راستے سے ہٹ چکے ہیں ۔ہم پوری طاقت سے میدانِ عمل میں موجود ہیں ۔ہمارا اصل مشن تو شروع ہی ابھی ہوا ہے۔ آزاد کشمیر کی حکومت میرپور کی مرکزیت ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ وزیراعظم اور اس کے ٹائوٹوں نے میرپور کے لوگوں پر اضافی ٹیکسز لگائے ہیں۔ جسے ہم مسترد کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ایک سازش کے تحت یہاں سے ائیرپورٹ کا منصوبہ ختم کیا گیا ۔تعلیمی بورڈ کی منتقلی کو ہم نے ناکام بنوایا۔ میرپور سے اداروں کو شفٹ کیا جا رہا ہے۔ میں میرپور کے لوگوں کے حقوق کا محافظ ہوں۔ میری موجودگی میں کوئی میرپور کے حقوق پر شب خون نہیں مار سکتا۔ میں یہاں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاذ کو اجاگر کر رہا ہوں۔ وہاں پر ریاست کے عوام کے حقوق کے لیے بھی بھرپور جدوجہد کر رہا ہوں۔ سیز فائر لائن کے بے یارومددگار لوگوں کے مسائل کے لیے ہم نے اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرہ کر کے حکومت پاکستان کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کی ۔میرپور کے تمام حل طلب مسائل کے لیے ہم اپنی طرف سے کاوشیں کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر سابق کونسلر چوہدری خادم حسین نے کہا کہ بیرسٹر سلطان سے وفا کا رشتہ نسلوں سے چلا آ رہا ہے جس پر ہمیں فخر ہے ہم تہہ دل سے بیرسٹرسلطان کے روشن مستقبل کی دعا کرتے ہیں ۔اس موقع پر چوہدری صدیق چوہدری منشا چوہدری امجد چوہدری خالد تیمور عرفان رزاق چوہدری عنصر صارم چوہدری اقبال راجہ بابری چوہدری یونس چوہدری نصیر بھی موجود تھے۔