چکسواری: ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے انتظامیہ کو 10دن کی ڈیڈ لائن
چکسواری(بیورو رپورٹ) چکسواری باروآں کے معروف تاجر رضوان لون اور حاجی فاروق لون نے چکسواری کے مقامی ہوٹل میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26.08.2017کو ہمارے گھر دن دہاڑے چوری کی واردات ہوئی تھی جس میں نا معلوم چوروںنے ساٹھ لاکھ سے زاہد پاکستانی کرنسی برطانوی پائونڈ اور زیورات چوری کر لیے تھے ۔ جس کا آج تک پولیس سراغ لگانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس آج تک تفل تسلیاں دیتی رہی اور آج کل کر تے کرتے عرصہ 7 ماہ گزر چکا ہے۔ آج تک نہ سراغ نہ مال نہ نقب زنوں کی کوئی خبر کہ مال لوٹنے کے بعد انہیں زمین نگل گئی یا پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ انہوں نے کہا کہ 7 ماہ قبل جب چوری ہوئی تھی اس وقت پولیس تھانہ چکسواری میں محمد عرفان بھٹی ایس ایچ او تھے رپورٹ درج کروائی اور اس وقت کے ایس ایس پی ضلع میرپور راجہ عرفان سلیم نے ڈی ایس پی ڈڈیال عطا الرحمن اور ایس ایچ او چکسواری محمد عرفان بھٹی کو تفتیشی افسر مقرر کیا جس کا رزلٹ صفر رہا بعد ازاں انسپکٹر عمران کو تفتیشی افسر مقرر کیا گیا اورانہوں نے تفتیش کرنا شروع کی اور جب بھی ہم ان سے رابطہ کرتے ہیں تو وہ طفل تسلیاں دیتے رہے اور رزلٹ بلکل صفر رہا اور اب انسپکٹر عمران ہمارا فون بھی سننا گوارہ نہیں کرتے جب بھی ان کو فون کرتے ہیں تو کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر ٹال مٹول کر دیتے ہیں ایسا لگ رہا ہے کہ پولیس چوروں کے ساتھ مل چکی ہے اور مال لے لیا ہے۔ ہم آج اس پر ہجوم پریس کانفرنس کے ذریعے انتظامیہ کو 10دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر انتظامیہ نے ہماری داد رسی نہ کی تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے بھوک ہڑتال بھی کریں گے اور خود سوزی بھی کر یں گے ہم جو بھی اقدام کریں گے اسکی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم پر لوگ الزام لگا رہے ہیں کہ بھائیوں نے چوری کی ہے اس موقعہ پر چیئرمین زکوةٰ و عشر حلقہ چکسواری راجہ عبدالعزیز نے کہا کہ پولیس نے جان بوجھ کر اس کیس کو خراب کیا اور چوروں کے ساتھ مل گے ہیں۔ سابق ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر چکسواری خواجہ ظفر لون نے کہا کہ ہماری عزت دائو پر لگی ہوئی ہے انتظامیہ تعاون نہیں کر رہی باقی چوریاں برآمد ہو رہی ہیں اور ملزم بھی پکڑے جا رہے ہیں لیکن پولیس اس چوری کو کیوں ٹریس نہیں کر رہی ہم نے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا یہ ہمارے ساتھ سرا سر زیادتی ہے پرہجوم پریس کانفرنس میںسابق امیدوار اسمبلی چوہدری محمد عارف،ایڈ منسٹریٹر چکسواری خواجہ محمد ایوب ،انجمن تاجراں چکسواری کے صدر منیر حسین سیٹھی،چوہدری عبدالرزاق پلاکوی ،ڈاکٹر آفتاب،بابو شبیر،چوہدری الطاف،خواجہ محمد احتشام سمیت انجمن تاجراںکے راہنمائوں اور عوام علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔