حکومت میرپور کی مرکزی حثیت ختم کرنے کے درپے ہے،بیرسٹر سلطان

میرپور (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت اپنے قیام کے روزِ اول سے لے کر آج تک میرپور کی مرکزیت ختم کرنے کی روش پر گامزن ہے ۔کیونکہ موجودہ حکمرانوں کی آنکھ میں میرپور کی مرکزیت کانٹا بن کر چبھتی ہے۔ تعلیمی بورڈ کی منتقلی کا ایشو ہو یا دیگر اداروں کو یہاں سے شفٹ کرنے کا مسئلہ ہو یہ سب میرپور کی مرکزیت ختم کرنے کی کڑیاں ہیں۔ ہم میرپور کی مرکزیت کے خاتمہ کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑے ہیں جسے موجودہ حکمران عبور نہیں کر سکتے ۔حکمرانوں کی میرپور دشمنی نے میرپور کے عوام کو مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ میرپور کے عوام پر نئے ٹیکسز عوام کو مزید مسائل حوالے کرنے کے مترادف ہے ۔جس کی ہم مزمت کرتے ہیں۔ بن خرماں نیو سٹی سمیت تمام ایریا میں فوری طور پر سوئی گیس فراہم کی جائے۔ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام میرپور کا حق اور ضرورت ہے۔ ہمارے قائد عمران خان نے میرپور میں ائیرپورٹ کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستان میں جلد تحریک انصاف کی حکومت بننے والی ہے۔ مرکز میں جب تبدیلی آئے گی تو ریاست کے اندر بھی دھاندلی کی پیداوار حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ میرپور کے تمام حل طلب مسائل کے لیے ہر جگہ جدوجہد کرتے رہیں گے ۔حکومت اور اپوزیشن ہر دور میں عوامی حقوق کی جنگ لڑی ہے ۔مسٹ یونیورسٹی، بلدیہ، محکمہ صحت اور دیگر اداروں میں خلافِ میرٹ بھرتیاں جاری ہیں۔ ملازمتوں کے حصول میں میرٹ کی پامالی برداشت نہیں کریں گے۔ بیوروکریسی کو ہمیشہ عزت اور توقیر سے نوازا مگر کرپٹ افسران کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ بیوروکریسی سیاستدانوں کی کرپشن کا حصہ دار بننے سے گریز کرے ۔کیونکہ جلد آزاد کشمیر میں کڑا اور بے رحم احتساب ہونے والا ہے۔ طویل عرصہ سے کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کرنے والے اس احتساب کی زد میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے میرپور میں مختلف سیکٹرز کے نمائندہ وفود سے ریسٹ ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفود میں چوہدری شعبان ،چوہدری ایوب، چوہدری صدیق ،شیخ ارشد برقی، چوہدری حاجی جاوید اکرم، عنصر صارم، تیمور خالد، چوہدری عرفان رزاق، راجہ بابری، نصیر احمد ایڈووکیٹ ،چوہدری زراعت چوہدری، معروف چوہدری ،وحید پوٹھی اور دیگر شامل تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں الیکشن کی آمد آمد ہے آزاد کشمیر میں جلد بلدیاتی الیکشن ہونے والے ہیں۔ اس اہم موڑ پر پی ٹی آئی کشمیر کے کارکنان کمربستہ ہو جائیں ۔ہم نے بلدیاتی الیکشن پوری قوت سے لڑنا ہے جس کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں۔ جس جگہ کرپشن اور ناانصافی ہو پی ٹی آئی کارکنان اس کا مقابلہ کریں۔***
بیرسٹر سلطان