نواز شریف کی زندگی میں ناکامیوں کا سلسلہ تھمنے والا نہیں، بیرسٹر سلطان

میرپور (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سینٹ کے حالیہ الیکشن میں بدترین ناکامی کے بعد پاکستان کے آمدہ الیکشن میں نواز شریف کی عبرتناک شکست نوشتہ دیوار بن چکی وزارت عظمیٰ سے نااہلی پھر پارٹی صدارت سے نااہلی اب سینٹ کے الیکشن میں ناکامی یہ سلسلہ اب روکنے والا نہیں۔ جنرل الیکشن میں شکستِ فاش کے بعد نواز شریف کے اقتدار اور سیاست کا ٹائی ٹینک ہمیشہ کے لیے غرقاب ہو جائے گا نواز شریف اور مودی نے تقسیمِ کشمیر کے مکروہ ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مجھے الیکشن میں ایک منظم سازش کے تحت ہرایا تھا پہلے بھی کہا تھا آج بھی ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں میں جب تک زندہ ہوں تقسیمِ کشمیر نہیں ہونے دوں گا۔ میں بین الاقوامی سطح پر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی و ترجمانی کے لیے ایک مرتبہ پھر جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے جا رہا ہوں۔ میرپور کو لاوارث سمجھ کر اس کی مرکزیت ختم کرنے والے سن لیں میری موجودگی میں کوئی مائی کا لال میرپور کی مرکزیت ختم کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ ہم میرپور کے حقوق پر چوکیدار بن کر پہرہ دے رہے ہیں ۔میرپور سے آج رکنیت سازی کا کام شروع ہو گیا ہے ۔کارکنان رکنیت سازی میں بھرپور حصہ لیں رکنیت سازی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو تنظیموں میں نمایاں عہدے دئیے جائیں گے۔ رکنیت سازی مکمل ہوتے ہی تمام تنظیمیں مکمل کر دی جائیں گئیں۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے کلیال اور C-4میں چوہدری سکند ر کی رہائش گاہ میں استقبالیہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کلیال میں سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے علاوہ چوہدری ظفر انور، ڈاکٹر قدوس، محمود قریشی ،چوہدری صدیق ،چوہدری شوکت شیخ، ارشد برقی، چوہدری منشا ء اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سی فور میں جلسہ عام سے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے علاوہ چوہدری ظفر انور، چوہدری سکندر نزیر، چوہدری صدیق، شیخ ارشد برقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کی رکنیت سازی کا آغاز میرپور سے کر دیا گیا ہے۔ کلیال میں چوہدری صدیق چوہدری شوکت جبکہ سی فور میں چوہدری لطیف نے پہلا فارم پرکر کے  رکنیت  سازی کاباقاعدہ آغاز کیا۔