ہندو کمیونٹی کے ممتاز سیاسی رہنماڈاکٹر رامیش وانکوانی
ڈاکٹر رامیش وانکوانی ہندو کمیونٹی کے ممتاز سیاسی رہنما اور مسلم لیگ نواز کے ممبر قومی اسمبلی ہیں۔ وہ 2002میں پہلی بار قومی اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے ۔ ڈاکٹر رامیش وانکوانی سیاست میں سرگرم ہونے کے علاوہ ہندو کمیونٹی کی نمایاں ترین فلاحی تنظیم “پاکستان ہندو کونسل” کے سربراہ بھی ہیں۔ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران سندھ میں ابھرنے والے عدم رواداری اور پرتشدد رویوں نے صوفیوں کی اس دھرتی کے ہر باسی اور بالخصوص ہندو کمیونٹی کو متاثر کیا ہے ،کیوں کہ گزرے چند ماہ و سال کے دوران سندھ میں مبینہ طور پر ہندو لڑکیوں کی جبری تبدیلئ مذہب کے لاتعداد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ہندوکمیونٹی کے بااثر ارکان کے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور توہینِ مذہب کے غلط استعمال کے باعث بھی ہندو کمیونٹی کی مشکلات دوچند ہو چکی ہیں۔ ان حالات میں ڈاکٹر رامیش وانکوانی نے کبھی قومی اسمبلی کے فلور اور کبھی سپریم کورٹ کے روسٹرم پر کھڑے ہو کر غیر مسلموں اور بالخصوص ہندوکمیونٹی کے حقوق کے حصول کے لیے جرأت مندی سے جدوجہد کی ہے جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں۔ ہندو میریج ایکٹ کی منظوری میں بھی ان کا کردار نمایاں ترین ہے ۔
ڈاکٹر رامیش وانکوانی کے کالم مختلف اخبارات میں تواتر سے شائع ہوتے ہیں۔ وہ ہندو کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ان دنوں جنگ گروپ کے لیے کالم لکھ رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود کو کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھا ہے۔