نامور بین الاقوامی برانڈ نے ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف کرادی

مانیٹرنگ ڈیسک
بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر برانڈ کرسچن لوبوٹن نے پاکستانی آرٹسٹ عمران قریشی سے متاثر ہو کر ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف کرا دی۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت فیشن ڈیزائنر کرسچن لوبوٹن نے پشاوری چپل کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث اسے دنیائے فیشن میں ایک بار پھر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ عمران سینڈل کا تلوا لال رنگ اور اس کا اوپری حصہ چمکدار اور نوکیلے اسٹڈ پر مشتمل ہے جس پر لوبوٹن کا لوگو بھی نمایاں ہے۔ کرسچن لوبوٹن کی جانب سے عمران سینڈل کی قیمت کے بارے میں ابھی اعلان نہیں کیا گیا اس لیے پشاوری چپل کے شیدائیوں کو اس کی تعارفی قیمت کا بے چینی سے انتظار رہے گا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب کسی نامور بین الاقوامی برانڈ کی جانب سے پاکستان کی مقامی چپل کی کاپی بنائی گئی ہو۔ اس سے قبل انگش فٹ ویئر سر پال اسمتھ نے بھی 2014 میں پشاوری چپل کو رابرٹ کے نام سے متعارف کرایا تھا اور اس کی تعارفی قیمت 300 ڈالر رکھی گئی تھی۔ اس کے علاوہ فورایور21 نے بھی 2017 میں کولاپوری چپل کو اپنے نام سے متعارف کرایا تھا۔