قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ کی متفقہ منظوری خوش آئند ہے، میجر طاہر صادق

 قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ کی متفقہ منظوری خوش آئند ہے، میجر طاہر صادق

بیرونی قوتوں کو ایک مثبت پیغام ملا ہے مسلم لیگ ( ن ) اور پیپلز پارٹی نے ساتھ دے کر دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے ،ممبر قومی اسمبلی 

فتح جنگ (اٹک نیوزمانیٹرنگ ڈیسک)رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 55 میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ کی متفقہ منظوری سے قومی اتفاق رائے سامنے آیا ہے اور بیرونی قوتوں کو ایک مثبت پیغام ملا ہے مسلم لیگ ( ن ) اور پیپلز پارٹی نے ساتھ دے کر دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے آرمی ایکٹ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور ہونے سے پاکستان دشمن قوتوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے آرمی ایکٹ ترامیم میں ساتھ دے کر ان قوتوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

 

 بل کی متفقہ طور پر کامیابی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کے لئے یہ ایک بڑی کامیابی ہے اس بل کی منظوری سے تمام وسوسے اور اندیشے دم توڑ گئے ہیں اب پاک فوج پہلے سے بڑھ کر چابکدستی اور مستعدی سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں ملک کی حفاظت اور خطے میں موجودہ نازک صورتحال کا بہتر انداز میں مقابلہ کریں گی اس بل کی منظوری سے عوام اور فوج دونوں کا مورال بلند ہوا ہے اس بل کی متفقہ منظوری سے ملکی سیاست اور معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے بہتر اور مثبت نتائج عوام کے سامنے آئیں گے ۔