حکومتی کارکردگی صرف بیان بازی تک ہی محدودہے، شیخ آفتاب احمد

حکومتی کارکردگی صرف بیان بازی تک ہی محدودہے، شیخ آفتاب احمد

مہنگائی، بیروزگاری، عوام کے حالات ہر دن بد سے بدتر ہو رہے ہیں، سابق وفاقی وزیر 

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز ) سینئر نائب صدر مسلم لیگ ( ن ) پنجاب و سابق وفاقی وزیر پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والے وزیر اعظم اور ان کے وزراء کا مہنگائی میں گزارہ نہیں ہو سکتا تو ایسے حالات میں 15 ہزار ماہانہ آمدن والے کو نا گھبرانے کا مشورہ دینا سنگین مذاق ہے آج ہر شخص کی زبان پر یہی سوال ہے کہ وہ کون سا مافیا ہے جو مہنگائی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے حالانکہ بجلی ، سوئی گیس ، پیٹرول ، ادویات ، آٹا ، گھی ، چینی و دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ تو حکومت نے خود کیا تو پھر اپنے سر سے اتار کر یہ الزام کس کے ذمہ لگانا چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت میں کیا ہے اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق بھی موجود تھے ۔

 

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل جب حکومت آپ کو دی گئی تھی اس وقت تو ملک معاشی طور پر بہت اچھے حالات سے گزر رہا تھا پھر اچانک یہ کیا ہوا کہ اربوں ڈالر قرضے بھی لئے گئے اور ٹیکسوں کی بھرمار بھی کر دی گئی اس کے باوجود مہنگائی کنٹرول ہونے کے بجائے ہر دن کے ساتھ عوام کو مزید سے مزید بدتر حالات میں پہنچا رہی ہے آج ہزاروں افراد ایسے ہیں جو دو وقت کی روٹی سے محروم ہو چکے ہیں لاتعداد والدین ایسے ہیں جو کم آمدنی اور زیادہ اخراجات سے تنگ آ کر اپنے بچوں کو سکولوں سے اٹھا چکے ہیں بے شمار ایسے مریض ہیں جو ادویات خریدنے کی سکت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے وہ سسکتی سانسوں کے ساتھ زندگی اور موت کی دہلیز پر کھڑے ہیں آئے روز میڈیا میں خودکشی کی افسوسناک خبریں دل دہلا رہی ہیں جرائم کی شرح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے ایسے حالات میں اگر جو ادارے حکومت کے اپنے ماتحت ہیں اگر ان پر ہی کنٹرول کیا جائے تو مہنگائی میں کئی گنا اضافے کو روکا جا سکتا ہے تاہم صد افسوس کہ وزیر اعظم سمیت ان کے وزراء صرف زبانی کلامی بیان بازی تک ہی محدود ہیں جس سے مسائل کبھی حل نہیں ہو سکتے حکمرانوں کو آج ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے ملک بھر میں ہر شخص جھولی اٹھا کر حکومت کو بد دعائیں دے رہا ہے ۔