کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے،جمعیت علمائے اسلام اٹک

 کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے،جمعیت علمائے اسلام اٹک

 ریاستی جبر وتشدد اور مظالم کی انتہا کردی گئی ہے ، ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاچکا ہے،امیر پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز) بھارتی مظالم اور ریاستی جبر وتشدد کے شکار مظلوم اور نہتے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج بھرپور اور منظم طور پر ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ منایا جائے، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی کال پر پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی آج 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا پورے صوبے میں یکجہتی کشمیر کے لئے ریلیاں ، جلسے اور جلوس ہوں گے کشمیر ہمارے وجود میں خون کی طرح گردش کررہا ہے ان خیالات کا اظہار امیر جے یو آئی (ف) پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا صفی اللہ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان،اور چوہدری عبدالجبارکے ہمراہ میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کیا امیر پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن، اورمولانا صفی اللہ نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرپنجاب کے تمام اضلاع میں ریلیوں ،کانفرنسوں کے انتظامات اور تیاریوں کوحتمی شکل دے دی گئی ہے جے یو آئی (ف) کی ان ریلیوں اور کانفرنسوں میں ، بزرگ ، نوجوان، وکلا ، تاجر ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، علما کرام ، اساتذہ ، طلبہ ، محنت کش و مزدوروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کثیر تعداد میں شریک ہوں گے اور اہل پنجاب کی جانب سے مظلوم اور نہتے کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا جائے گا ۔

 

ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج یکجہتی کشمیر کانفرنسوں اور ریلیوں میں بھر پور شر کت کریں اور پوری دنیا کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی عوام تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر ہیں اور ملک کے حکمران خواہ کوئی بھی پالیسی اختیار کریں عوام کشمیریوں کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے اپنی اپیل میں کہا کہ بھارتی مظالم اور ریاستی جبر وتشدد کے شکار مظلوم اور نہتے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج بھرپور اور منظم طور پر ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ منایا جائے اورنوجوان بزرگ ، بچے اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد یوم یکجہتی کے پروگراموں میں شرکت کرکے اس اہم اور قومی ایشو پر اپنے اتحاد و یکجہتی کا اظہار کریں مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ سے زائد بھارتی فوج اور پیرا ملٹری فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں مظلوم و نہتے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاہے ریاستی جبر وتشدد اور مظالم کی انتہا کردی گئی ہے ، ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاچکا ہے ، بڑی تعداد میں نوجوان عقوبت خانوں میں قید ہیں ، خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے ، کشمیری عوام تحفظ و دفاع پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ۔

 

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام نے فوارہ چوک اٹک میں شمولیتی کیمپ لگادیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جے یو آئی کے فارم رکنیت پر کئے اس موقع پر مرکزی رہنما جے یو آئی مولانا شیر زمان سرپرست ضلع اٹک قاضی خالد محمود، سرپرست اعلی اٹک مفتی سید امیر زمان حقانی، امیر تحصیل اٹک سید زرغون شاہ، جنرل سیکرٹری ابراہیم فانی، قاری ثناء اللہ، مولانا عبدالطیف اور علی رحمان بابا سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مولانا شیر زمان قاضی خالد محمود اور مفتی سید امیر زمان حقانی نے کہا کہ پورے صوبے میں شمولیت کے کیمپ لگائے گئے ہیں ضلع اٹک میں بھی ہر تحصیل میں یہ کیمپ لگائے گئے ہیں موجودہ حکومت کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف جمعیت علمائے اسلام اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے اس وقت حقیقی اپوزیشن کا کردار جے یو آئی کا ہے ان قائدین نے کہا کہ پورے صوبہ میں شمولیت کے کیمپ اور ہفتہ پرچم کشائی شروع ہو چکا ہے جس میں کارکنان کی کثیر تعداد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے موجودہ نا اہل اور دھاندلی زدہ حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ہر طرح کی قربانی اورتحریک کے لئے کارکنان تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔