جے یو آئی اٹک کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پرسیمینار اور ریلی کا انعقاد
مسلمانوں کے ساتھ جہاں بھی زیادتی ہوئی یہ حکومتیں اور ادارے بہرے اور گونگے ہو گئے، مقررین
اٹک ( ڈیلی اٹک نیوز ) جے یو آئی اٹک کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے سیمینار اور ریلی کا انعقاد ، مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے مرکزی رہنما جے یو آئی مولانا شیر زمان ، سرپرست ضلع اٹک قاضی خالد محمود ، سرپرست اعلیٰ اٹک مفتی سید امیر زمان حقانی ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، تحصیل امیر سید زرغون شاہ اور جنرل سیکرٹری ابراہیم فانی نے خطاب کیا اس موقع پر اراکین جمعیت طارق محمود ضیفی ، حافظ عبدالوحید صدیقی ، مولانا یاسر زمان سمیت کثیر تعداد موجود تھی مقررین نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس وقت نا اہل حکمران کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موَقف دینے کی بجائے امریکہ کی ایماء پر کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت سے عاری نظر آتے ہیں ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جمعیت علمائے اسلام ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اور کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے گی ان رہنماءوں نے کہا کہ آج 6 ماہ ہو گئے ہیں مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور وہاں پر نہتے کشمیریوں پر ہر طرح کے مظالم روا رکھے ہوئے ہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اقوام متحدہ اور مغربی ممالک کا ہمیشہ دوہرا معیار رہا ہے
مسلمانوں کے ساتھ جہاں بھی زیادتی ہوئی یہ حکومتیں اور ادارے بہرے اور گونگے ہو گئے اور اگر یہی صورتحال کسی غیر مسلم کے ساتھ پیش آئی تو ان اداروں کا کردار دوسرا رہا مقررین نے جمعیت علمائے اسلام کے سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی نے کشمیر سمیت ہر اہم ایشو پر آواز بلند کی ہے اور جمہوریت اور اداروں کے استحکام کیلئے بھی گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں آخر میں مقامی ہوٹل سے ایک ریلی نکالی گئی جو کمیٹی چوک سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک پہنچی ریلی کے شرکاء ’’ کشمیر بنے گا پاکستان ، ہم چھین کے لیں گے آزادی ، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ ، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز ، بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کشمیریوں کی حمایت میں عبارات درج تھیں فوارہ چوک پہنچ کر مولانا شیر زمان کی دعا پر یہ ریلی اختتام پذیر ہوئی ۔