مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کاکھیل ختم ہو چکا،قاضی احمد اکبر

مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کاکھیل ختم ہو چکا،قاضی احمد اکبر

حسن ابدال (ڈیلی اٹک نیوز)مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کاکھیل ختم ہو چکا،دوبارہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

آئی ایم ایف سے مشرف دور میں چھٹکارہ حاصل کر لیا تھا مگر بعد میں آنے والے لٹیروں سے اپنی عیاشیوں کے لیے ملک کو دوبارہ گروی رکھ دیا۔ نسل در نسل چور بھی آج ہمیں موجودہ معاشی بحران کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ملک میں آٹے اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار حکومت پنجاب کے ترجمان اور ضلعی صدر تحریک انصاف اٹک قاضی احمد اکبر نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مہنگائی کے عذاب سے چھٹکارا ملے گا اور ملک معاشی بحران سے نکل کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مافیا کی صورت اختیار کر چکے ہیں جن کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک میں کوئی زرعی پالیسی موجود نہیں تھی مگر ہم نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک واضع پالیسی بناتے ہوئے زراعت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے بھی پالیسیاں لائی جا رہی ہیں جن کا مقصد اداروں کو مضبوط بناتے ہوئے ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیگ اور پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں اور حکومت کے خلاف سازشوں سے باز آ جائیں ۔کیونکہ اب عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔انہوں نے کہا ق لیگ کی جانب سے حکومت کا ساتھ نہ چھوڑنے اور آئندہ الیکشن بھی پی ٹی آئی کے ساتھ لڑنے کے اعلان نے سازشی عناصر کی امیدوں پر پانی پھیر دیاہے۔قاضی احمد اکبر کا کہنا تھا کہ ایم این اے میجر طاہر صادق جیسی شخصیات کو کابینہ میں شامل کیا جانا چاہیے اور امید ہے کہ جلد ہی عمران خان انہیں کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ سنا دیں گے۔میجر طاہر صادق اٹک کی پہچان ہیں جن کا دور سنہری دور تھا جس میں اٹک میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔انہوں نے آنے والے بجٹ میں ضلع اٹک کے لیے میگا پراجیکٹس شروع کیے جانے کی نوید بھی سنائی۔