تاریخ پر تاریخ دیکر حکومت بلدیاتی الیکشن سے فرار چاہتی ہے،سردارعتیق

نکیال(نعمان شفیع سے) سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر صدر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا مقصد خطہ میں بد امنی اور افراتفری پھیلانا ہے۔کنٹرول لائن کے باسی سیکنڈ ڈیفنس لائن اور انکی تمام تر کاوشیں دفاعِ پاکستان کا حصہ ہیں۔حکومت پاکستان متاثرین کنٹرول لائن کو بروقت معاوضہ کی ادائیگی کے فوری اقدامات کو یقینی بنائے۔ انتخابات سے قبل وفاقی وزراء کی فوج ظفر موج آزاد کشمیر کے گلی محلوں میں موجود تھی مگر بدقسمتی سے آج جب کنٹرول لائن کے باسی کسمپرسی کا شکار ہیں تو وفاقی وزراء کے پاس انہیں ریلیف دینے اور ان کا دکھ درد بانٹنے کا ان کے پاس وقت نہیں۔موجودہ حکومت کمزور ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے متعدد بار تاریخیں دے کر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔مسلم کانفرنس بھرپور طریقے سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔موجودہ حکومت ایسی پہلی حکومت ہے جس کے دورِ اقتدار میں زندگی کے تمام شعبے ہڑتال پر ہیں۔بھارتی مزاکرات کی پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیئے بھارت مقبوضہ کشمیر میں بگڑتے حالات سے بین الاقوامی دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔نواز شریف سمیت کرپشن میں ملوث تمام افراد کا کڑا احتساب ہونا چاہیئے، سردار عتیق احمد خان نکیال میںسابق صدر مسلم کانفرنس حلقہ سردار ممتاز خان کی رہائش گاہ پر انکے والد حاجی سردار ولائیت خان مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔اس دوران انہوں نے سردار ممتاز خان اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر سابق سینئر وزیر و ممبر اسمبلی ملک محمد نواز خان،صدر مسلم کانفرنس ضلع کوٹلی خلیق نوابی،راجہ آفتاب اکرم،سابق چیئرمین ملک فیض ،سابق امیدوار اسمبلی سردار خضر حیات خان،سابق مشیرِ حکومت ملک کرامت حسین،سردار نواز خان،سردار میر حسین،مولانا محمد یوسف قادری،محمد یاسین فراز،سردار مجیب خان،ڈاکٹر محمد کفیل،سردار اجمل نکیالوی،کیپٹن ریٹائرڈ کرامت اللہ خان،بابو منیر سمیت معززین علاقہ اور مسلم کانفرنسی قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد سردار عتیق احمد خان کے ہمراہ تھی۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ متاثرین کنٹرول لائن کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں مگر بدقسمتی سے موجودہ کمزور حکومت نے متاثرین کنٹرول لائن کو ریلیف دینے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیئے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مضبوط حکومتیںہی پاکستان سے فائدہ حاصل کرتی ہیں موجودہ حکومت آج بھی وہیں کھڑی ہے جہاں ڈیڑھ سال قبل تھی۔یہ تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس کے دورِ اقتدار میں تعلیم ،صحت،ٹیوٹا،جنگلات،اکلاس اور سوشل ویلفئر و سماجی بہبود سمیت زندگی کا ہر شعبہ ہڑتال پر ہے اور حکومت اپنی کارکردگی کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہی نہیں پوری حکومتی ٹیم نواز شریف کو بچانے کے چکر میں ہے حالانکہ انکی ذمہ داری نوازشریف کو بچانے کی نہیں بلکہ متاثرین کنٹرول لائن کو ریلیف دینا ہے۔ سردارعتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر جانے والے ہمارے گھر کے افراد ہیں آج انہیں کسی محفوظ گھر کی تلاش ہے ہم کھلے دل سے انہیں اپنے گھر مسلم کانفرنس میں قبول کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس اقتدار میں آکر خطہ کے سرحدی پٹی کے تیرہ حلقوں میں تعلیم،صحت ،معدنیات،ٹورازم اور تعمیروترقی کے نظام کو درست سمت میں چلانے کیلئے فوج سے تال میل بنائیں گے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے کی گئی حلقہ بندیوں پر ہمارے شدید تحفظات ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم کانفرنس بھرپور طریقے سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کنٹرول لائن کو معاوضہ کی بروقت ادائیگی کے معاملہ کو سنجیدگی سے لے یہ لوگ بہاولپورٹینکر حادثے میں نہیں مارے گئے بلکہ پاکستان کے دفاع کیلئے سیکنڈ ڈیفنس لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے شہید و زخمی ہوئے۔سردار ممتاز خان نے سابق وزیرِ اعظم کی ان کے گھر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
