فاروق حیدر سے وزیر خارجہ کی ملاقات شوپیاں میں6نوجوانوں کی شہادت المناک ہے،کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑینگے خواجہ آصف
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے یہاں جموں کشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں قابض افواج کے ہاتھوں معصوم نوجوانوان کی المناک شہادت، وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں ، لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے شہریوں کے جانی و مالی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری تمام تر حربوں کے باوجود اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستان کشمیریوں کی آرزوئوں اور امنگوں کا مرکز ہے حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں مسئلہ کشمیر کو بطریق احسن انداز میں عالمی فورمز پر اٹھایا ہے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام بھارتی سنگینوں کا مقابلہ کر رہے ہیں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے کشمیریوں نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں بھارتی ظلم و جبر کے باوجود کشمیری جدوجہد آزادی جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں بھارت کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت سے محروم رکھنے کے لیے بدترین مظالم ڈھا رہا ہے بھارتی فوج کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ،کشمیریوں کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے بھارت کا یہ اقدام عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کی ناکام کوشش ہے ۔اس موقع پر وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیرہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ہم ان کی سیاسی سفارتی و اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔دریں اثنا وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے جموں وکشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ آزادکشمیر کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کے عوام کو ان کے حقوق ملیں ۔ سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی قائد میاںمحمد نواز شریف کی غیر متزلزل قیادت پر اعتماد کی عکاس ہے ،مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں کرنے والوں کا ان کے اپنے ممبران نے بھی ساتھ نہیں دیا ۔ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدرخان آزادکشمیر کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں، آزادکشمیر اسمبلی کو با اختیا ر بنانے کی تمام کاوشوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرخان کی قیادت میں آزادکشمیر میںماضی کی نسبت شاندار تعمیر وترقی ہوئی ہے،آزاد حکومت نے مختصر عرصہ کے دوران آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو اقدامات کیے وہ لائق تحسین ہیں ۔
